بجٹ2016-17 میں چھوٹے تاجروں پراضافی ٹیکس نہ لگائے جائیں ‘ ناصر حمید خاں

بدھ 25 مئی 2016 14:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء)ممبرفیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامر س اینڈ انڈسٹری و پاکستان آٹو موبائل سپیئرپارٹس امپورٹرز اینڈڈیلرز ایسوسی ایشن(پاسپیڈا) کی سینٹر ل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر ناصر حمیدخاں نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں چھوٹے تاجروں پر اضافی ٹیکس نہ لگائے جائیں ،سیلز ٹیکس کی شرح میں کمی کرکے اسے سنگل ڈیجٹ پر لایا جائے تاکہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات کی جائیں اور ٹیکس دینے والے طبقہ پر مزید ٹیکسوں کی بجائے ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیلئے اقدامات کیے جائیں ۔ ناصر حمید خاں نے کہا کہ عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھائے بغیر حکومت کی آمدنی میں کئی کھرب روپے کا اضافہ ممکن ہے جن ممالک میں ٹیکس اتھارٹی کو خودمختاری دی گئی وہاں عوام پر بوجھ بڑھائے بغیر حکومت کی آمدنی میں چالیس سے ایک سو بیس فیصد تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی ایف بی آر کو آزاد ادارہ بنایا جائے ۔اور ٹیکس کے دائرہ کار میں اضافہ کیلئے جامع اقدامات کی ضرورت ہے ۔انہوں نے وفاقی بجٹ2016-17میں صنعتوں کیلئے بجلی مہنگی اور 130ارب کے نئے ٹیکس لگانے کی تجویز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگی بجلی اور ٹیکسوں میں اضافہ سے ملکی برآمدات پر منفی اثر پڑے گا اور ملکی برآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ مزید بڑھے گا اور حکومتی ریونیو میں کمی واقع ہوگی۔