ایم کیوایم کی رکن قومی اسمبلی کشورزہرا کی ایپکس کمیٹی سندھ کے اجلاس کراچی کیلئے 8 ہزار پولیس اہلکاربھرتی کرنے کے فیصلے کاخیر مقدم

منگل 24 مئی 2016 22:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 مئی۔2016ء) ایم کیوایم کی رکن قومی اسمبلی کشورزہرانے ایپکس کمیٹی سندھ کے اجلاس میں صوبہ سندھ میں20ہزارمیں سے صرف کراچی کے لئے 8ہزارپولیس اہلکاربھرتی کرنے کے فیصلے کاخیر مقدم کیاہے اوراسے کراچی کے نوجوانوں کے لئے خوش آئنداقدام قراردیاہے۔ایک بیان میں کشورزہرانے کہاکہ یہ خبرخصوصی طورپرکراچی کے تعلیم یافتہ اورروزگارسے محروم نوجوانوں کے لئے کسی معجزے سے کم نہیں۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کے عوام کے ساتھ ملازمتوں کے سلسلے میں مسلسل نا انصافی کی جاتی رہی ہے ضروری ہے کہ مقامی افرادکی بھرتی کے عمل میں شفافیت کونظراندازنہ کیاجائے ۔انہوں نے کہاکہ 8ہزارپولیس اہلکاروں کی بھرتی سے قبل صرف کراچی کاڈومیسائل ،پی آرسی کے ساتھ ساتھ ووٹرلسٹ میں نام کے اندراج کوبھی ضروری قراردیاجائے تاکہ کراچی کے عوام کے ساتھ انصاف ہوتانظرآئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آج بھی ڈومیسائل اورپی آرسی سرٹیفکیٹ مینول طریقے سے بنائے جاتے ہیں جن کے جعلی وناقص ہونے کاقوی امکان موجودہے۔کشورزہرانے کہاکہ اگرووٹرلسٹ میں اندراج کے بغیرپولیس میں بھرتی کاعمل شروع ہواتویہ کراچی کے نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی ۔انہوں نے مزیدکہاکہ بعض اخبارات میں شائع ہونے والے پولیس بھرتی کے اشتہارات مبہم اندازمیں ہیں اورضروری معلومات کی کمی کے ساتھ شائع کئے جارہے ہیں جس سے ملازمت کے خواہشمندنوجوانوں کومایوسی کاسامناہے جس کانوٹس لیناحکومت کی ذمہ داری ہے ۔

کشورزہرانے مقتدرحلقوں پرزوردیاکہ وہ غیرجانبداری کوسامنے رکھتے ہوئے کراچی کے عوام کے لئے درست فیصلہ سازی کومثالی بنائیں کیونکہ صحیح فیصلے صوبہ سندھ کامستقبل سنوارسکتے ہیں۔