Live Updates

صوبے میں گیس کی بنیاد پر 3600 میگا واٹ کے بجلی کے منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ پر قابوپانے میں مدد ملے گی‘گیس کی بنیاد پر لگنے والے ان منصوبوں کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کے لئے کوشاں اور پرعزم ہیں ‘متعلقہ وزارتیں اور ادارے ان منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تمام امور تیز رفتاری سے سرانجام دیں‘ قوم کو توانائی کے بحران سے نکال کر ہی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈالا جاسکتا ہے‘حکومت توانائی بحران کے خاتمے اور بجلی کے منصوبوں کی تیزرفتاری سے تکمیل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے

وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

منگل 24 مئی 2016 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2016ء ) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں گیس کی بنیاد پر 3600 میگا واٹ کے بجلی کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے - ان منصوبوں کی تکمیل سے بڑی حد تک لوڈ شیڈنگ سے نجات حاصل کرنے میں مدد ملے گی ۔ بجلی کے ان منصوبوں کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کیلئے کوشاں اور پرعزم ہیں ۔

پانی ، بجلی اور پیٹرولیم و گیس کی وفاقی وزارتیں اور دیگر متعلقہ ادارے ان منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے حوالے سے تمام امور تیز رفتاری سے انجام دیں-وزیر اعلی شہباز شریف نے یہ بات اسلام آباد میں ایک اعلی سطح کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی جس میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف ، وفاقی وزیر پیٹرولیم و گیس شاہد خاقان عباسی اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی حکام نے شرکت کی-وزارت بجلی و پانی ، پیٹرولیم و گیس ، نیپرا اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وزیراعلی پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ( ن) کی حکومت نے ملک کو اندھیروں سے نکالنے اور عوام کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے کا تہیہ کیا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 2018 ء میں ملک میں مختلف ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کی تکمیل کے بعد نہ صرف لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو گا بلکہ ملک کی صنعت و زراعت اوردیگر شعبوں کیلئے وافر بجلی دستیاب ہوگی ۔

محمد شہباز شریف نے کہاکہ قوم کو توانائی کے بحران سے نکال کر ہی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈالا جاسکتا ہے اور اس لئے حکومت بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے ۔ اجلاس میں وفاقی وزیرپانی و بجلی خواجہ محمد آصف اور وفاقی وزیر پٹرولیم و گیس نے کہاکہ ان کی وزارتوں سے متعلق معاملات کو جلد نمٹا کر پنجاب میں گیس سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کی تکمیل میں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ اور توانائی کے بحران کو حل کرنا وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتوں کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ اس موقع پر پنجاب کے محکمہ توانائی کے سینئر حکام اور متعلقہ وفاقی وزارتوں کے افسران نے بجلی کے منصوبوں کے حوالے سے پیش رفت اور کام کی رفتار کے حوالے سے خصوصی بریفنگ بھی دی ۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات