سیاسی منظر نامہ کسی بھونچال کا متحمل نہیں ہو سکتا،منفی سیاست کرنے والے جمہوریت وترقی کے مخالف ہیں، حمزہ شہباز

حکمرانوں کے احتساب کیلئے سب سے بڑی طاقت عوام کی ہے،نوجوان نسل ہی ملک کے خوشحال مستقبل کی ضامن ہے،چھوٹے صوبوں میں ہیومن ڈویلپمنٹ قومی ترجیحات میں شامل ہےٗ رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کی بلوچستان کے طلبا وطالبات سے گفتگو

منگل 24 مئی 2016 22:13

لاہور۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مئی۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماور کن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ملک کا سیاسی منظرنامہ کسی بھونچال کا متحمل نہیں ہو سکتا،منفی سیاست کرنے والے دراصل جمہوریت اور ملک کی ترقی کے درپے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی قیادت خلوص دل اور نیک نیتی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، حکمرانوں کے احتساب کے لئے سب سے بڑی طاقت عوام کی ہوتی ہے۔

منگل کے روزیہاں ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبا وطالبات سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تقاضے بدل چکے ہیں،ہر ایک کو صوبائیت سے بالاتر ہو کر سارے پاکستان کی بات کرنا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ہی ملک کے خوشحال مستقبل کی ضامن ہے جس کے لئے یکساں نظام تعلیم ، یوتھ کو روزگار اور معاشی مواقع فراہم کرنے کے لئے کئی ایک اہم اقدامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے کم ترقی یافتہ علاقوں کے لئے خصوصی فنڈز مہیاکئے ہیں تاکہ چھوٹے صوبوں کی محرومیوں کو دور کرے جبکہ نوجوان اعتماد کے ساتھ ملکی ترقی میں شامل ہو سکیں۔حمزہ شہباز نے کہا کہ پاک چائنہ کوریڈور پاکستان کی ترقی وخوشحالی کا پیامبر ثابت ہو گا،بالخصوص معاشی لحاظ سے کمزور صوبوں کے لئے بڑے پیمانے پر نئے مواقع سامنے آئیں گے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اور باہم رابطوں کو مضبوط بنایا جارہا ہے،نئی صدی کے تقاضوں کے مطابق ہمیں سوسائٹی کو ترقی کی طرف لے کر جانا ہے جس کے لئے بلوچستان،کے پی کے اور گلگت بلتستان کے طلباوطالبات کو صوبہ پنجاب کے اہم تعلیمی اداروں میں خصوصی سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں،سٹوڈنٹس کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں حکومت کی کامیابیاں سب کے سامنے ہیں،انشاء اﷲ 2018 تک لوڈشیڈنگ کے سائے چھٹ جائیں گے اور وطن عزیز وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں صحیح معنوں میں ترقی وخوشحالی کی منزل حاصل کرکے رہے گا۔

اس موقع پر طلبا وطالبات نے موجودہ حکومت کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ باشعور عوام سیاسی لحاظ سے اپنے اچھے اور برے کی تمیز جانتے ہیں اور وہ کسی قیمت پر نعروں اور وعدوں کی سیاست پر اعتبار نہیں کریں گے،ملک کے مستقبل کا فیصلہ شہریوں کو ہی کرنا ہے اور انشاء اﷲ مسلم لیگ(ن) پاکستان کو معاشی وسیاسی لحاظ سے مضبوط بنانے کی طرف گامزن ہے جس کا ہر باشعور شہری ساتھ دے گا۔انہوں نے تفصیلی ملاقات پر حمزہ شہباز کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔