پاکستان کی جانب سے متاثرین بارش و سیلاب کے لئے امداد کی پہلی کھیپ سری لنکا پہنچادی گئی

پاکستانی ہائی کمشنر نے امداد ی سامان سری لنکا کے وزیر برائے ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے حوالے کیا

منگل 24 مئی 2016 22:08

اسلام آباد/کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2016ء ) سری لنکا میں حالیہ سیلاب ، بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے متاثرین کی امداد کے لیے پاکستان کی جانب سے امدادی سامان کی پہلی کھیپ منگل کوسری لنکا کے بندرانیک انٹرنیشنل کاٹونائیک ائیرپورٹ پر پہنچا دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

متاثرین کی بنیادی ضروریات کو فوری طور پر پورا کرنے کے لیے پاکستان نےC-130 طیارے کے ذریعے امدادی سامان جنریٹر، خیمے ، ترپال، دوائیاں وغیرہ روانہ کیں جو کہ سری لنکا میں موجود پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل سید شکیل حسین نے سری لنکا کے وزیر برائے ڈیزاسٹر منیجمنٹ انورا پریاندرشانایاپاکے حوالے کیا ۔

اس موقع پر سیکرٹری وزارت ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی پاکستان کے افسران ، سری لنکن حکومت کے نمائندے اور ہائی کمیشن کے افسران بھی موجود تھے ۔سری لنکا میں حالیہ تیز بارشوں کی وجہ سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی صورت حال پیدا ہوئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد جانبحق اور لاپتہ ہوئے جبکہ تقریباً 4,27,000 افراد متاثر ہوئے ۔