پانامہ لیکس کے معاملے پر پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے ،اس سے پیچھے نہیں ہٹا جا سکتا‘وزیراعظم اور زرداری کی ملاقات ہو گئی تو اس کے معنی کچھ اور نکالیں گے

پیپلزپارٹی کے مر کزی سیکرٹری اطلاعات قمرزمان کائرہ کی میڈیا گفتگو

منگل 24 مئی 2016 21:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2016ء) پیپلزپارٹی کے مر کزی سیکرٹری اطلاعات قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اور آصف زرداری کی ملاقات میں ہونے والی بات چیت کا علم نہیں‘ پانامہ لیکس کے معاملے پر پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے جس سے پیچھے نہیں ہٹا جا سکتا، وزیراعظم اور زرداری کی ملاقات ہو گئی تو اس کے معنی کچھ اور نکالیں گے۔

منگل کولندن میں مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری کی ملاقات پرمیڈیا سے گفتگو میں ردعمل دیتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اور آصف علی زرداری پرانے دوست ہیں اور ہو سکتا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کوئی پیغام رسانی کر رہے ہو البتہ اس ملاقات میں کیا بات چیت ہوئی اس کا مجھے کوئی علم نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جس حیثیت سے بھی گئے ان کو انکار نہیں کیا جا سکتا البتہ پانامہ لیکس پر پیپلز پارٹی اپنے موقف پر قائم ہے جو بالکل واضح ہے اور اس سے پیچھے نہیں ہٹا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف یہاں تو پورا زور لگا رہے تھے اور جلسے کر رہے تھے لیکن پھر دل کا علاج کرانے لندن چلے اور وہاں شاپنگ کر رہے ہیں اور کھانے بھی کھائے جا رہے ہیں۔وزیراعظم نواز شریف اور آصف علی زرداری کی ملاقات سے متعلق سوال کے جواب پر قمرالزمان کائرہ نے کہا کہ دونوں رہنماں کے درمیان کوئی ملاقات طے نہیں اور نہ ہی کوئی امکان ہے اور میں بھی یہ سمجھتا ہوں کہ یہ وقت ملاقات کیلئے مناسب نہیں ہے کیونکہ اگر یہ ملاقات ہوئی تو پھر اس کے معنی کچھ اور نکالے جائیں گے۔