ملی یکجہتی کونسل کا 27 مئی کو امریکی ڈرون حملوں کے خلاف یوم سیاہ منانے کا اعلان

منگل 24 مئی 2016 21:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2016ء ) ملی یک جہتی کونسل نے27مئی کو ملک بھر میں پاکستانی سرزمین پر امریکی ڈرون حملوں کے خلاف یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا اور اسی روز جمعہ کے خطبات میں فرقہ وارانہ اہم آہنگی کے جذبات کو فروغ دیا جائے گا۔اس امر کا اعلان منگل کے روز جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے ہیڈ کوارٹر المرکز اسلامی میں ملی یک جہتی کونسل پاکستان کے سپریم کونسل کے اجلاس کے اختتام پر بریفنگ کے دوران مرکزی صدر صاحبزادہ ابوالخیر زبیر اور جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے کیا۔

اجلاس میں جمعیت العلمائے پاکستان کے صدرصاحبزاد ہ ابوالخیر زبیر،جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، لیاقت بلوچ ،مولانا عبدالغفار روپڑی، مشتاق احمد خان،اسداﷲ بھٹو،حافظ محمد یعقوب، ثاقب اکبر،خرم نواز کنڈاپور،قاری ضمیر اختر،ڈاکٹر اقبال خلیل،ڈاکٹر عطالرحمان اورمولانا عبداجلیل نقشبندی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اخباری نمائندوں کو بتایا گیا کہ متحدہ جمعیت اہل حدیث،تحریک منہاج القرآن،پاکستان عوامی تحریک،علما مشائخ کونسل،امامیہ آرگنائزیشن ،تحریک ناموس رسالت اور کئی دیگرجماعتوں کی شرکت کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا اور جمعہ کے خطبات میں مختلف مسالک کے درمیان اعتماد اور تعاون کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔اجلاس میں کہا گیا کہ شام و عراق کے بعد پاکستان میں فرقہ واریت کی آگ بڑھکانے کی جو سازش کی جا رہی ہے۔ ملی یک جہتی کونسل اس کا توڑ کرے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران یوم باب الاسلام منایا جائے گا۔

ا ور اس حوالے سے کنونشن منعقد کیے جائیں گے جبکہ 27رمضان المبارک کو پاکستان کی یوم آزادی ،یوم نزول قرآن اوریوم القدس کے طور پر منایا جائے گا۔اور پشاور،لاہور ،کوئٹہ،کراچی راولپنڈی مظفر آباداور گلگت میں کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی۔اجلاس میں بلوچستان کے علاقہ میں امریکی ڈرون حملے کو پاکستان کی سا لمیت اور جغرافیائی حدود پر حملہ قرار دیا گیااور فیصلہ کیا گیا کہ اگلے جمعہ یعنی27مئی کو ڈرون حملوں کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا اور ملک بھر کی مساجد میں آئمہ اور خطیب امریکی جارحیت کی مذمت کریں گے ۔

اجلاس نے ان حملوں کو ملک کی نظریاتی اور جغرافائی سا لمیت پر حملہ قرار دیا۔آئینی اجلاس نے ان حملوں کاسدباب نہ کرنے اور اس کے خلاف واضح موقف اختیار نہ کرنے پر حکومت پاکستان کے موقف کی بھی مذمت کی گئی۔ملی یک جہتی کونسل نے 22ستمبر کو ملی یک جہتی کونسل کے مرکزی،صوبائی اور ضلعی سطح کے انتخابات کا علان کیا۔اجلاس نے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں کی پھانسی اور حکومت پاکستان کی جانب سے مجرمانہ خاموشی اور لاتعلقی کی مذمت کی گئی اور اس معاملہ کو اسلامی کانفرنس کی تنظیم،اقوام متحدہ،انسانی حقوق کی عالمی تنظیم اور عالمی عدالت انصاف میں اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :