ماری پور ٹرک اسٹینڈ میں وصول ہونے والی انٹری فیس سو فیصد ٹرک اسٹینڈ کی تعمیر و مرمت اور ترقیاتی کاموں پر خرچ کی جائے گی،ایڈمنسٹریٹر کراچی

منگل 24 مئی 2016 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2016ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد نے کہا ہے کہ ماری پور ٹرک اسٹینڈ میں وصول ہونے والی انٹری فیس سو فیصد ٹرک اسٹینڈ کی تعمیر و مرمت اور ترقیاتی کاموں پر خرچ کی جائے گی۔ 2008 سے 2010 تک نالوں پر بنائے گئے پلاٹس کی جعلی لیز منسوخ کردی گئی ہیں اگر موجودہ کوئی افسر چالان کے اجرا میں ملوث پایا گیا تو اسے معطل کردیا جائے گا یہ بات انہوں نے کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے صدر خالد خان کی سربراہی میں ملاقات کے لئے آنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، وفد میں جنرل سیکریٹری شعیب خان، نائب صدر رانا اسلم، چیئرمین ویلفیئر کمیٹی چوہدری عبدالشکور اور ممبر رانا شاہد بھی شامل تھے جبکہ کے ایم سی کی نمائندگی ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اسد اﷲ شاہ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر لینڈ ناصر عباس، ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ مظہر خان، ڈائریکٹر لینڈ طارق صدیقی اور چیف انجینئر بشیر شاہ نے کی۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر ہدایت دی کہ ٹرک اسٹینڈ کے اطراف اور اندر سے گزرنے والے نالوں کو فوری طور پر صاف کیا جائے اور مین روڈ سے ٹرک اسٹینڈ کے اندر جانے والے راستے پختہ کئے جائیں۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پارکس کو ہدایت کی کہ ہاکس بے روڈ پر شجر کاری اور سرسبز بنانے کا کام شروع کیا جائے خاص طور پر ٹرک اسٹینڈ کے سامنے لگائے گئے پودوں کو روزانہ کی بنیاد پر پانی دیا جائے تاکہ ٹرک اسٹینڈ کا بیرونی حصہ خوبصورت بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرک اسٹینڈ سے جو انٹری فیس وصول کی جا رہی ہے اسے سو فیصد ٹرک اسٹینڈ کی تعمیر و مرمت اور یہاں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر صرف کیا جائے گا۔2008 سے 2010 کے دوران ٹرک اسٹینڈ کے نالوں پر بنائے گئے پلاٹس کے لئے جاری کردہ جعلی لیز بھی منسوخ کی جاچکی ہیں ۔ اس سلسلے میں اگر چالان کسی موجودہ افسر نے جاری کئے ہیں تو اسے معطل کردیا جائے گا، انہوں نے ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے کہا کہ اگر ایسی کسی جعلی لیز کا چالان نظر آئے تو فوری طور پر ایڈمنسٹریٹر کراچی کو اس سے آگاہ کریں تاکہ فوری طور پر اس کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ملاقات کے دوران کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور ٹرک اسٹینڈ کی تعمیر و ترقی کے لئے درکار فنڈز میں سے نصف حصہ فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ یہ ٹر ک اسٹینڈ انتہائی اہمیت کا حامل ہے یہاں سے روزانہ چھ سے سات ہزار گاڑیاں بیرون شہر روانہ ہوتی ہیں اور اسی طرح بندرگاہ سے بڑی مقدار میں پورے ملک میں سامان کی ترسیل کا کام انجام دیتی ہیں جبکہ بیک وقت تین ہزار ٹرک یہاں پارک ہوتے ہیں اور گڈز ٹرانسپورٹرزکے دفاتر بھی یہیں موجود ہیں ۔

ملک بھر میں سامان کی ترسیل کے دوران ٹیکس کی مد میں حکومت کو کروڑوں روپے ادا کئے جاتے ہیں لہٰذا اس اہم کام سے وابستہ افراد کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ضروری ہے ۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ ٹرک اسٹینڈ کی اندرونی سڑکوں کی تعمیر نالوں کی صفائی اور دیگر ترقیاتی کاموں کے لئے پی سی ون تیار کیا جائے اور فوری طور پر تعمیر و ترقی کے کاموں کا آغاز کیا جائے تاکہ ٹرک اسٹینڈ میں کاروبارکرنے والے گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل جلد از جلد حل ہوں اور یہ ٹرک اسٹینڈ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے۔

متعلقہ عنوان :