نواز شریف زرداری کے ساتھ میثاق کرپشن کرنے لندن گئے ہیں‘چیئرمین سنی اتحا دکونسل

نااہل حکمرانوں کی وجہ سے داخلی اور خارجی محاذ پر پاکستان کی مشکلات بڑھ گئی ہیں ملکی حالات دن بدن خراب ہوتے جارہے ہیں

منگل 24 مئی 2016 20:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2016ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز شریف زرداری کے ساتھ میثاق کرپشن کرنے لندن گئے ہیں، امریکی ڈرون حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے،نااہل حکمرانوں کی وجہ سے داخلی اور خارجی محاذ پر پاکستان کی مشکلات بڑھ گئی ہیں اور ملکی حالات دن بدن خراب سے خراب تر ہوتے جارہے ہیں، لوٹ مار گروپ نے سیاست اور ملک کو ہائی جیک کررکھا ہے،حکمران چیف جسٹس کی باتوں پر کان دھریں، بھارت پاکستان کے ہمسایہ ممالک میں اپنا اثر و رسوخ بڑھا رہا ہے،بھارت کے بنگلہ دیش، افغانستان اور ایران کے ساتھ بڑھتے تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحادکونسل کی تنظیم سازی کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ملک بھر میں تنظیم سازی کیلئے کمیٹی قائم کی گئی اور صاحبزادہ حامد رضا کے دوروں کا شیڈول ترتیب دیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ نواز شریف ’’جمہوریت ‘‘ کی مہربانی سے کمائی گئی دولت بچانے کیلئے سرگرم ہیں۔

سیاست کے فرعون احتساب کے شکنجے میں ضرور آئیں گے۔دفاعی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا ئے۔نئے بجٹ میں بڑے افسروں کی تنخواہیں کم اور چھوٹے سرکاری افسروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہا کہ اس وقت پاکستان میں جمہوریت نہیں ایک خاندان کی بادشاہت قائم ہے۔ریاستی فیصلے کابینہ اور پارلیمنٹ کے بجائے شریف خاندان میں ہوتے ہیں۔ شریف خاندان کا ہر فرد اقتدار میں شامل ہے۔ن لیگ کا سیاسی مستقبل تاریک ہے۔موجودہ حکمرانوں کے دور میں ملک غیر محفوظ ہو گیا ہے۔ن لیگ کی حکومت کا ہر دن پاکستان کیلئے بھاری ثابت ہورہا ہے۔سپریم کورٹ جہلم میں افتتاح سے پہلے ہی گرنے والے پل کے معاملہ کا نوٹس لے۔