رمضان المبارک برکتوں، سعادتوں کا مہینہ ہے ، اس مقدس مہینے میں غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے، ڈاکٹر وحید اصغر بھٹی

منگل 24 مئی 2016 20:11

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2016ء ) ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر وحید اصغر بھٹی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک برکتوں، سعادتوں کا مہینہ ہے ، اس مقدس مہینے میں غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے، ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوروں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔ رمضام المبارک میں اشیاء خور و نوش کے نرخ مقرر کر نے کیلئے جلد اجلاس منعقد کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں ملنے والے وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں حاجی پرویز چنہ، شریف ڈاڈا و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر حاجی محمد جاوید میمن نے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی ذخیرہ اندوزوں اور منافعہ خوروں نے اشیاء خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک ہمیں ایک دوسرے کی مدد کرنے کا درس دیتا ہے بدقسمتی سے ناجائز منافعہ خوروں نے اس مقدس مہینے کو ہی کمائی کا ذریعہ بنا ڈالا ہے، رمضان المبارک سے قبل اشیاء خور و نوش کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کر کے بڑھائے جانیوالے نرخ کم کرائے جائیں تاکہ غریب عوام کو اس مقدس مہینے میں ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وحید اصغر بھٹی نے یقین دہانی کرائی کہ ناجائز منافعہ خوروں سے کسی صورت رعایت نہیں کی جائے گی۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے شہر کے مختلف جگہوں پر یوٹیلٹی اسٹورز کیمپ لگانے کی تجویز زیر غور ہے، تاہم اشیاء خور و نوش کے نرخ مقررکرنے کیلئے جلد ہی اجلاس منعقد کیا جائے گا اور اس کے بعد اگر کسی بھی دکاندار نے مقررہ نرخ سے زائد پر اشیاء خو ر و نوش کی فروخت کیں تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔