Live Updates

وزیراعلیٰ شہباز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس، صوبائی بجٹ 2016-17 کے اہم خدو خال کا جائزہ لیاگیا

ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کرکے اعلی مثال قائم کی، اسی پالیسی کو آگے بڑھائینگے: شہباز شریف حکومت متوازن ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،پسماندہ اور دور دراز علاقوں کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے تعلیم، صحت، زراعت سمیت سماجی شعبوں اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائیگی:وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب

Zeeshan Haider ذیشان حیدر منگل 24 مئی 2016 19:29

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 24 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی بجٹ 2016-17 کے اہم خدو خال اور ترجیحات کے تعین کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت متوازن ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔پسماندہ اور دور دراز علاقوں کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صوبے کے عوام کی پائیدار ترقی و خوشحالی اور مستحکم معیشت کے اہداف کے حصول پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع کی ترقی اور خوشحالی کیلئے گزشتہ برسوں کی طرح آبادی کے تناسب سے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے کیونکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت متوازن ترقی پر یقین رکھتی ہے،یہی وجہ ہے کہ دیہی معیشت کی ترقی و خوشحالی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں اورپسماندہ علاقوں میں بسنے والے افراد کی فلاح وبہبود کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں شروع کیے گئے ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے ان علاقوں میں بسنے والے لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا اور انہیں جدید سہولتیں میسر آئیں گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہترین انفراسٹرکچر معاشی وتجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی کردارادا کرتا ہے،یہی وجہ ہے کہ دیہی علاقوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے خادم پنجاب دیہی روڈ ز پروگرام پر انتہائی تیزی سے عملدر آمد کیا جارہا ہے اور آئندہ برس بھی یہ پروگرام جاری رہے گا اوراربوں روپے کی لاگت سے ہزاروں کلو میٹر طویل دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کاکام ہوگا۔

’’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے‘‘ پروگرام کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے بڑے پروگرام کی تکمیل سے دیہی آبادی کو ذرائع نقل و حمل کی بہترین سہولتیں میسر آئیں گی اور کھیت سے منڈی تک اجناس پہنچانے میں آسانی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا آئندہ مالی سال کا بجٹ عوامی امنگوں کا آئینہ داراور صوبے کی پائیدار ترقی کاپیش خیمہ ہوگا۔

بجٹ میں تعلیم، صحت، زراعت سمیت سماجی شعبوں اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔محروم معیشت طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری کی پالیسی جاری رہے گی اوراس پالیسی کے ذریعے حاصل کیے گئے اضافی وسائل عوام کو ریلیف کی فراہمی کے پروگراموں پر صرف کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کے فلاح عامہ کے پروگرام آئندہ بھی جاری رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پانی زندگی ہے اورانسان کی بنیادی ضرورت ہے۔پینے کے صاف پانی پر ہر شہری کا حق ہے اور پنجاب حکومت یہ حق انہیں ہر قیمت پر دے گی۔اسی مقصد کیلئے پینے کے صاف پانی کے بڑے پروگرام کیلئے اربوں روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کے منصوبے کا آغاز بھی جنوبی پنجاب کے اضلاع سے کیا گیا ہے۔صاف پانی پراجیکٹ کے تحت دیہی آبادی کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کرکے ایک مثال قائم کی گئی ہے، اسی پالیسی کو آگے بڑھائینگے۔انہوں نے کہا کہ وسائل عوام کی امانت ہیں،ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جارہی ہے۔ زراعت کو قومی معیشت میں کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ زرعی شعبہ کی ترقی اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اور ادارے ترقیاتی فنڈزکا شفاف انداز میں استعمال اور ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل یقینی بنائیں کیونکہ وسائل صوبے کے عوام کی امانت ہیں،اسی لئے فلاح عامہ کے منصوبوں کی شفاف اور بروقت تکمیل انتہائی ضروری ہے تاکہ ان ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچ سکیں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ آڈٹ کے نظام کو انتہائی موثر بنانے کی ضرورت ہے اوراس ضمن میں پنجاب آڈٹ اتھارٹی کے قیام کا جائزہ لیا جائے اوراس ضمن میں قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھ کر فوری طورپر اقدامات کیے جائیں،اس سے نہ صرف وسائل کا درست اوربروقت استعمال یقینی بنانے میں مدد ملے گی بلکہ چیک اینڈ بیلنس میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں۔ محکمے مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے موثر اور فعال طریقے سے کام کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں تھرڈ پارٹی آڈٹ کی پالیسی پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنایا جائے ۔ صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، ایم این اے حمزہ شہبازشریف، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :