پاکستان سپر ہاکی لیگ کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں، پی ایچ ایف رمضان المبارک سے قبل پاکستان سپر ہاکی لیگ کا ایم او یو سائن کرے گی،شہباز سینئر

منگل 24 مئی 2016 19:23

لاہور۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مئی۔2016ء ) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شہباز سینئر نے کہا ہے کہ پاکستان سپر ہاکی لیگ کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اقدامات کیئے جارہے ہیں لیکن ہماری کوشش ہے کہ لیگ کے انعقاد میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی بھی مدد حاصل کی جائے۔نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی گراؤنڈ نمبر 2میں رخسانہ ارشد ویمن ہاکی اکیڈمی اور واپڈا کی ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے فائنل میچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے اس موقع پر ان کے ہمراہ رخسانہ ارشدویمن ہاکی اکیڈمی کی سیکرٹری سحرش گھمن اور خواتین ہاکی ونگ کی عہدیداران بھی موجود تھیں ۔

شہباز سینئر نے کہاکہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو اعتماد میں لئے بغیر لیگ کا کامیاب انعقاد ہونا مشکل ہے اور میر ی کوشش ہے کہ رمضان سے قبل انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹو سے ملاقات کروں ۔

(جاری ہے)

پی ایچ ایف رمضان المبارک سے قبل ہی پاکستان سپر ہاکی لیگ کا ایم او یو سائن کرے گی اور ہماری کوشش ہوگی کہ اس میں پانچ چھ فرنچائز ٹیمیں شامل ہوں۔

لیگ کے انعقاد سے بے روزگار کھلاڑیوں کی مالی مشکلات دور ہوں گی اور ان کو تجربہ حاصل ہوگا ۔ شہباز سینئر نے کہاکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی موجودہ انتظامیہ نے ویمن ہاکی کھلاڑیوں کو فری آزادانہ کام کرنے کا موقع دیا ہوا ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ انٹرنیشنل ایونٹس میں قومی خواتین ہاکی ٹیم کی شرکت کو یقینی بنائیں ۔ایک سوال کے جواب میں شہباز سینئر نے کہاکہ ازلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی سینئر ٹیم کے کھلاڑیوں کی جو خامیاں سامنے آئی ہیں ان میں فٹنس بہت اہم تھی ۔یورپئن ٹیموں کے مقابلے میں ہمارے کھلاڑی قدرتی طور پر ٹیلنٹڈ ہیں لیکن ان کی فٹنس کا معیار انٹرنیشنل معیار کے مطابق نہیں ہے اور ہم رمضان المبارک کے بعد فٹنس کیمپ لگائیں گے ۔