ڈیرہ اسماعیل خان :طوفانی بارش نے تباہی مچاددی،آسمانی بجلی گرنے سے3 کاشتکار جاں بحق،150 بوری گندم جل گئی

مختلف علاقوں میں درجنوں بجلی کے پول زمین بوس ،درخت گر گئے،ٹیلی فونز کا نظام درہم

منگل 24 مئی 2016 18:18

ڈیرہ اسماعیل خان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 مئی۔2016ء ) طوفانی بارش نے ڈیرہ اسماعیل خان میں تباہی مچادی ، زندانی میں آسمانی بجلی گرنے سے دو کاشتکار جاں بحق جبکہ کلاچی کے علاقہ کوٹ ولی داد میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 150بوری گندم جل گئی ۔مندھراں ،موسی زئی اورسی آر بی سی سمیت مختلف علاقوں میں درجنوں بجلی کے پول زمین بوس ہوگئے ، درخت گرگئے ، سی آر بی سی فیڈر ، مندھراہ فیڈر سمیت ضلع بھر میں بجلی اور ٹیلی فونز کا نظام درہم برہم ، 36گھنٹے گزرنے کے باوجود بعض علاقوں میں بجلی کا نظام بحال نہ ہوسکا ۔

، شہر کے چوکوں پر سائن بورڈ ز سے اشتہارات اتر گئے ۔ ڈیال روڈ کی نکاسی کا نالہ بند ہونے سے ڈیال روڈ تالاب بن گیا ۔ گریڈ روڈ ، شیخ یوسف روڈ چاہ بھورے والا بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا ۔

(جاری ہے)

درجنوں گھروں کی چھتوں سے سولر پلیٹس اڑگئیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید گرمی اور حبس کے بعد سوموار کی شام اچانک طوفانی بارش ہوئی ۔ جس سے موسم تبدیل ہوگیا ۔

طوفانی بارش کے دوران بجلی گرنے سے علاقہ زندانی میں کھیتوں میں پانی لگانے والے دو کاشتکار اکرم بلوچ اور فاروق موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ دیگر افراد موجزانہ طور پر بچ گئے،کلاچی کے علاقہ کوٹ ولی دار میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ قریب رکھی گئی گندم کی 150بوریاں جل گئیں ۔ طوفانی بارش سے مختلف علاقوں میں درخت اور بجلی کے پول زمین بوس ہوگئے ۔

سی آر سی فیڈر اور مندھراہ فیڈر سمیت ضلع بھر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ۔ 36گھنٹے گذرنے کے باوجود ڈیرہ شہر ، ڈیال روڈ ، گریڈ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بجلی بحال نہیں ہوسکی ، جس سے گھروں میں پینے کا پانی بجلی ناپید ہوگیا ۔سینکڑوں ٹیلی فون بھی خراب ہوگئے، جس سے لوگوں کا یک دوسرے سے رابطہ کٹ کر رہ گیا ۔ تیز ہوا سے بڑے بڑے سائن بورڈ و پر آویزاں اشتہارات اڑ گئے ۔

ڈیال روڈ پر نکاسی آب کا نالہ کچی پائند خان سکول کے قریب بند ہونے سے بارش کا پانی ڈیال روڈ پر جمع ہوگیا اور علاقہ تالاب کا منظر پیش کررہاتھا ۔ اسی طرح گریڈ روڈ اور شیخ یوسف چاہ بھورے والا میں نکاسی آب کا نظام ٹھیک نہ ہونے کے کیوجہ سے بارش کا پانی گلیوں اور گھروں میں داخل ہوگیا ۔علاقہ مکین محمد ظفر کے مطابق یہ پانی اب ایک ماہ تک کھڑا رہے گا جس سے لوگوں کو سخت تکلیف ہوگی تیز ہوا اوربارش سے درجنوں گھروں کی چھتوں پررکھی گئی سولرز پلیٹس اڑ گئیں ۔