عوام کو گھرکی دہلیز پرسستا اور معیاری انصاف فراہم کرنے کیلیے وفاقی محتسب بھر پور اقدامات کرے،صدر کی سلمان فاروقی کی زیرِ قیادت وفد سے گفتگو

منگل 24 مئی 2016 18:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 مئی۔2016ء)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ عوام کوان کے گھرکی دہلیز پرسستا اور معیاری انصاف فراہم کرنے کیلیے وفاقی محتسب کا ادارہ بھر پور اقدامات کرے۔صدر مملکت نے یہ بات وفاقی محتسب سلمان فاروقی کی زیرِ قیادت وفد کے ساتھ ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر وفاقی ٹیکس محتسب عبدالرؤف چوہدری بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی محتسب اپنے فیصلوں کے دوران ان سرکاری افسران کے خلاف بھی سزا کا تعین کرے جو انصاف کی راہ میں رکاوٹ ہیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہیں۔ انھوں نے کہا کہ قانون کا مقصد مدد ہونی چاہیے نہ کہ یہ لوگوں کے لیے مشکلات کا باعث بنے۔ لوگوں کو بہترین سہولیات ،سستیاور فوری انصاف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن کے مسائل کے حل کے لیے ماہرین کی زیر نگرانی جامع رپورٹ کی تیاری پر وفاقی محتسب کی تعریف کی اور سات نئی کمیٹیاں بنانے کے اقدام کو بھی سراہا جو حکومت کولائف سیونگ ڈرگز، اورسیز پاکستانیوں کے مسائل، حکومتی افسران کی تربیت، بد عنوانی وبد انتظامی ، ریگولیٹری باڈیز کا کردار ، وزارتِ ہاوسنگ میں بدعنوانی اوربد انتظامی اورنادراکے خلاف شکایات جیسے مسائل پر حکومت کو تجاویز دیں گی۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ جیل خانہ جات اور تھانوں کو عوام دوست بنانے کے لیے وفاقی محتسب حکومت کو ٹھوس تجاویز دیگا۔صدر مملکت نے وفاقی محتسب کی اضلاع کی سطح پر عوامی مسائل کو مقررہ مدت میں حل کرنے پر ان کے اقدام کو سراہا۔ اس موقع پر وفاقی محتسب سلمان فاروقی نے صدر مملکت کو اپنے ادارے کے مختلف امور سے آگاہ کیا۔