فوج کے مطالبے کی باتیں کرنے والوں کو سیاستدان کہلانے کا کوئی حق نہیں،نثار احمد کھوڑو

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس بیروزگار سیاستدانوں اور غیر جمہوری لوگوں کا ٹولہ ہے،سینئروزیر تعلیم سندھ اگر سندھ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم نہیں کیا گیا تو عوام کے ساتھ وفاقی حکومت کے خلاف دھرنے دینگے،میڈیا سے گفتگو

منگل 24 مئی 2016 18:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2016ء) سندھ کے سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس بیروزگار سیاستدانوں اور غیر جمہوری لوگوں کا ٹولہ ہے اور یہ غیر جمہوری قوتوں کے حامی عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے لیئے بیک ڈور سازشیں کررہے ہیں ایسے اتحادوں اورسازشوں کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ جی ڈی اے نے فوج کے قبضے کامطالبہ کرکے خود کو عوام کے سامنے بے نقاب کردیا ہے جس وجہ سے اب وہ عوام میں منہ دکھانے کے بھی قابل نہیں رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ بیروزگار سیاستدان اب سہولت کار کی تلاش میں ہیں مگر آئین میں سہولت کار کا کردار ادا کرنے والے آرٹیکل 6 کے مرتکب ہونگے۔

(جاری ہے)

انھو ں نے کہا کہ جی ڈی اے میں شامل لوگ عوام کے مسترد کردہ ہیں ، انھیں جمہوریت راس نہیں آرہی اور فوج کے مطالبے کی باتیں کرنے والوں کو سیاستدان کہلانے کا کوئی حق نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ عوام مخالف اتحاد غیر جمہوری قوتوں کا ساتھ دینے کے لیئے ہمیشہ تیار رہتے ہیں اور خود کو ترقی پسند کہلانے والے ایاز لطیف پلیجوجی ڈی اے کے فوج کے مطالبے پر کیوں خاموش ہیں ۔نثار کھوڑو نے کہا کہ پیر پگارا پر کیا تبصرہ کریں وہ ہمیشہ خود کو جے ایچ کیو کا کہلاتے ہیں جبکہ لیاقت جتوئی کی بھی عوام میں کوئی حیثیت نہیں وہ تو کبھی نواز لیگ تو کبھی ق لیگ تو کبھی کسی اور جماعت میں ہوتے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ جمہوریت مخالفین کو ہمیشہ کی طرح ناکامی ہی ملے گی۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ سندھ میں بارہ بارہ گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کرکے سندھ کی عوام سے زیادتی کی جارہی ہے۔ کیا وفاقی حکومت لوڈشیڈنگ کرکے سندھ کو پاکستان بنانے کی سزا دے رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ اگر سندھ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم نہیں کیا گیا تو عوام کے ساتھ وفاقی حکومت کے خلاف دھرنے دینگے ۔نثار کھوڑو نے کہا کہ ن لیگ حکومت اپنی تنہائی کا غصہ سندھ کی عوام سے نہ نکالے ۔

متعلقہ عنوان :