کراچی، مسلم لیگ(ق) یوتھ ونگ کا ممتاز تاجر شیر خان اچکزئی کے اغوا پر اظہار تشویش

شیر خان اچکزئی کو اغوا ہوئے کئی روز گزر چکے ،تاحال ان کا بازیاب نہ ہونا صوبائی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،سید فرحان علی شاہ

منگل 24 مئی 2016 18:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) یوتھ ونگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید فرحان علی شاہ نے مسلم لیگ (ق)ضلع قلعہ عبداﷲ کے نائب صدر اور چمن کے ممتاز تاجر شیر خان اچکزئی کے اغوا پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شیر خان اچکزئی کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں ۔منگل کو جاری ایک بیان میں فرحان علی شاہ نے کہا کہ حکومت بلوچستان قیام امن میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ۔

اغوا برائے تاوان اور ڈکیتیوں کی وارداتوں میں تشویش ناک حد اضافہ ہوگیا ہے ۔پارٹی رہنما شیر خان اچکزئی کو اغوا ہوئے کئی روز گذر چکے ہیں لیکن تاحال ان کا بازیاب نہ ہونا صوبائی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے لیے بلوچستان کے لیے اہم ایک حصہ ہے اور وہاں قیام امن سے پورے ملک کا مستقبل وابستہ ہے لیکن افسوسناک صورت حال یہ ہے کہ سکیورٹی فورسز کے بیش بہا قربانیوں کے باوجود صوبائی حکومت ان قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو اپنی نااہلی سے ضائع کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شیر خان اچکزئی کی بازیابی کے لیے مسلسل آواز اٹھائی جارہی ہے اور کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں ان کی بازیابی کے لیے احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے ہیں ۔شیر خان اچکزئی کو اگر فوری بازیاب نہ کرایا گیا تو احتجاج کے دائرہ کار کو مزید بڑھایا بھی جاسکتا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ق لیگ یوتھ ونگ کے رہنما کی بازیاب کے لیے صوبائی حکومت اور تمام ادارے اپنا کردار ادا کریں ۔

متعلقہ عنوان :