چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے اربن یونٹ ، بیورو آف سٹیٹسٹکس اور محکمہ لیبر مل کر ہنگامی بنیادوں پر کام کریں‘راجہ اشفاق سرور

عنقریب تمام اضلاع کے شہری و دیہی علاقوں میں بالاامتیاز چائلڈ لیبر کے خلاف اس مہم اور کریک ڈاؤن کا بھرپور آغاز کر دیا جائے گا‘صوبائی وزیر

منگل 24 مئی 2016 18:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2016ء ) صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے احکامات کی روشنی میں صوبہ پنجاب کی تمام ورکشاپوں، ہوٹلوں اور پٹرول پمپس سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے اربن یونٹ ، بیورو آف سٹیٹسٹکس اور محکمہ لیبر مل کر ہنگامی بنیادوں پر کام کریں تاکہ سکول جانے کی عمر کے ان بچوں کو چائلڈ لیبر کی لعنت سے نجات دلا کر تعلیم کے دھارے میں لایا جا سکے۔

انہوں نے یہ بات اس حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ سیکرٹری لیبر نواز ش علی ، ایڈیشنل سیکرٹری عدنان ارشد ، ڈی جی اربن یونٹ کے علاوہ محکمہ لیبر کے اعلیٰ افسران اور بیورو آف سٹیٹسٹکس کے نمائندے نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ بیورو آف سٹیٹسٹکس نے پنجاب کے مخصوص 10 اضلاع میں مختلف ورکشاپوں ، ہوٹلوں اور پٹرول پمپوں پر کام کرنے والے بچوں کے بارے میں مفصل ڈیٹا تیار کر لیا ہے جبکہ پنجاب اربن یونٹ ، محکمہ شماریات اور محکمہ لیبر باقی 26 اضلاع میں ایسے بچوں کے حوالے سے تمام تفصیلات جلد از جلد مکمل کر لیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ان تین سیکٹرز میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز باہمی مشاورت سے مربوط ، قابل عمل اور فول پروف پالیسی روڈ میپ تشکیل دے رہے ہیں جس کے بعدعنقریب موثر میکانیزم پر عمل کرتے ہوئے تمام اضلاع کے شہری و دیہی علاقوں میں بالاامتیاز چائلڈ لیبر کے خلاف اس مہم اور کریک ڈاؤن کا بھرپور آغاز کر دیا جائے گا انہوں نے سیکرٹری لیبر کو ہدایت کی کہ تمام اضلاع کے لیبر انسپکٹرز کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ اپنے زیر سایہ آنے والی دکانوں ، پٹرول پمپس اور ہوٹلوں میں کام کرنے والے بچوں کے حوالے سے تمام تفصیلات کا گوشوارہ رجسٹر ہر حال میں مکمل کریں ورنہ اُن کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر سروے سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کی روشنی میں بچوں کو این جی اوز ، ایجوکیشن و لیٹریسی ڈیپارٹمنٹ ، سوشل ویلفیئر اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈویشن کے تعاون سے فارمل و نان فارمل سکولوں میں مفت تعلیم کیلئے داخل کروانے کے ساتھ ساتھ اُن کو فنی تربیت کی فراہمی کیلئے تربیتی اداروں سے بھی رجوع کیا جائے گا ۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ اس حوالے سے جلد ہی چیف سیکرٹری پنجاب اور وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کو تمام لائحہ عمل سے آگاہ کر کے حتمی منظوری حاصل کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :