عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے سعودی عرب اور پاکستان کو متحد ہوکر اپنا کردار اداکرنا ہوگا‘طاہرمحمود اشرفی

نوجوان نسل کو انتہاء پسندی اور دہشتگردی سے بچانے کیلئے عالم عرب اور پاکستان کے علماء کے درمیان رابطوں کو تقویت دینی ہوگی

منگل 24 مئی 2016 18:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2016ء ) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر محموداشرفی نے کہاکہ عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے سعودی عرب اور پاکستان کو متحد ہوکر اپنا کردار اداکرنا ہوگا،عسکری اسلامی اتحاد کے قیام کے بعد اسلامی نظریاتی اتحاد وقت کی ضرورت ہے،نوجوان نسل کو انتہاپسندی اور دہشتگردی سے بچانے کیلئے عالم عرب اور پاکستان کے علماء کے درمیان رابطوں کو تقویت دینی ہوگی،شام سے یمن تک اسلامی ممالک میں بہنے والے خون کی ذمہ دار مسلم ممالک میں مداخلت کرنے والی قوتیں ہیں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے سعودی عرب روانگی سے قبل لاہورکے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر ذرائع ابلاغ سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران واضح ہوگیا ہے کہ پاکستان کو کمزور کرنے والے طاقتیں اورممالک کون سے ہیں اسلئے حکومت پاکستان کو اپنی داخلہ و خارجہ پالیسی پر ازسرنو غور کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک طرف امریکہ میں بعض قوتیں پاکستان اور سعودی عرب کے خلاف سرگرم عمل ہیں اور دوسری طرف سی پیک کو ناکام بنانے کیلئے ہمارے بعض پڑوسی ممالک بھی سرگرم عمل ہوچکے ہیں ۔

ان سازشوں کا مقابلہ دوست ممالک کے ساتھ مل کر ہی کیا جاسکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ محمدطاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہندوستانی جاسوس کا ایران میں بیٹھ کر پاکستان کیخلاف نیٹ ورک چلانااور امریکی ڈرون میں نشانہ بننے والے شخص کا ایران سے آنا بہت بڑے سوالات پیدا کرتا ہے جس پر غور وفکر کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان غور وفکر کرے کہ اگر ڈرون حملہ میں نشانہ بننے والا شخص اختر منصور ہی تھا تو اس کو پاکستان کی حدود میں ہی کیوں نشانہ بنایا گیا۔

متعلقہ عنوان :