کیماڑی میں سڑکیں ٹوٹنے اور سیوریج سسٹم کی تباہی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا

منگل 24 مئی 2016 17:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2016ء) کیماڑی میں سیوریج سسٹم کی تباہی اور سڑکیں ٹوٹنے کے خلاف اہلیان کیماڑی ٹاؤن کے تحت احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر مظاہرے کے شرکاء نے کہا کہ کیماڑی کے مختلف علاقوں میں سیوریج سسٹم تباہ ہوگیا ہے اور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ افسران ترقیاتی کاموں کے لئے مختص لاکھوں روپے کے فنڈز ہڑپ کرگئے ہیں۔

سڑکیں ٹوٹنے اور سیوریج سسٹم چوک ہونے سے علاقہ مکینوں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ کیماڑی زون کے XENبی اینڈ آر عبدالصمد، جونئیر آفیسر عارف حمید کے ساتھ مل کر فنڈز کا غیرقانونی استعمال کر رہے ہیں۔ عارف حمید گریڈ16 کے ملازم ہیں مگر وہ ترقیاتی کاموں کی فائلوں پر اسسٹنٹ ایگزیکیٹیو انجینئر کے دستخط کر رہے ہیں جبکہ PHED کے سب انجینئر عابد رضا غیرقانونی طور پر کام کر رہے ہیں جبکہ ان کا کیماڑی زون سے کوئی تعلق نہیں۔

(جاری ہے)

کیماڑی کے مختلف علاقوں، بھٹہ ولیج، مسان روڈ، چارنل روڈ، قاسم شاہ روڈ کی سڑکیں مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور سیوریج سسٹم چوک ہوگیا ہے جس کی وجہ سے گٹر ابل پڑے ہیں اور نالے گندگی سے بھر گئے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے الزام لگایا ہے کہ کیماڑی زون کے افسران ترقیاتی کاموں کے لئے مختص لاکھوں روپے کے فنڈز ہڑپ کرگئے ہیں۔ انہوں نے شکایت کی کہ بھٹہ ولیج میں نالیاں بند ہوگئی ہیں اور گٹرابل پڑے ہیں۔

کیماڑی کی تین اہم سڑکیں مسان روڈ، چارنل روڈ اور قاسم شاہ روڈ مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور گاڑیوں کو گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پانی کی لائن ڈالنے کے لئے علاقے کی سڑک کو کھودا گیا تھا جس کے بعد سے سڑک کی اب تک مرمت نہیں کی گئی ہے۔ پوری سڑک پر جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے پڑے ہوئے ہیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

کے پی ٹی اسکول کے پیچھے کی سڑک مکمل طور پر کچرا کنڈی میں تبدیل ہوگئی ہے اور پورے علاقے میں مکھی مچھروں کی بہتات ہوگئی ہے۔ مکینوں نے کہا کہ نالیوں کو بعض مقامات پر توڑ کر سیوریج کے پانی کی نکاسی کا عارضی بندوبست کیا گیا ہے مگر مستقل صاف کرنے کا کوئی بندوبست نہیں کیا گیا ہے۔ جبکہ مسان چوک، جنرل آباد ریلوے لائن اور مینگل شاہ مزار کے قریب کچرا کنڈیاں اس قدر بھر گئی ہیں کہ کچرا گھروں کے آگے جمع ہوگیا ہے۔

ان کچرا کنڈیوں سے کچرا نہیں اٹھایا جارہا ہے۔ علاقہ مکینوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں کیماڑی زون کے افسران کی توجہ دلائی گئی ہے لیکن انہوں نے ابتک صورتحال کی بہتری کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے ہیں اور پورا علاقہ مسائل کی آماجگاہ بنا ہوا ہے۔ مکینوں نے شکایت کی کہ کیماڑی زون کے افسران نے جعلی بل بنائے ہیں اور رقومات کو ترقیاتی کاموں پر خرچ کرنے کے بجائے رقم کا بیشتر حصہ ہڑپ کرلیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :