پی ایس 106اور پی ایس 117،متحدہ قومی موومنٹ کے نامزد امیدواران کی انتخابی مہم جاری

منگل 24 مئی 2016 17:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2016ء) کراچی پی ایس 106اور پی ایس 117کی نشستوں پر 2جون 2016ء کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ کے نامزد حق پرست امیدواران کی جانب سے انتخابی مہم زبردست انداز میں جاری ہے ۔ انتخابی مہم کے سلسلے میں پی ایس 106کے حلقہ کی مختلف یوسیز سے ریلیاں کی نکالی گئیں جو کہ ایم کیوایم لیاقت آباد ٹاؤن آفس پرجاکر اختتام پذیر ہوئیں ۔

انتخابی ریلیوں کے کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں ایم کیوایم کے پرچم اور قائدت تحریک الطاف تصاویر اٹھا رکھیں تھیں ۔ ریلیوں کے شرکاء گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں، سوزوکیوں ، ہائی ہیس اور رکشوں میں سوار تھے اور وہ پرجوش انداز میں الطاف حسین اور ایم کیوایم کے حق میں نعرے لگا رہے تھے ۔

(جاری ہے)

ریلیوں کے شرکاء جب لیاقت آباد ٹاؤن آفس پہنچے تو ایم کیوایم کے نامزد حق پرست امیدوار برائے پی ایس 106محفوظ یار خان نے ان کا خیر مقد م کیا اس موقع پر محفوظ یار خان نے میڈیا کے نمائندوں کو پریس بریفنگ بھی دی ۔

اسی طرح پی ایس 117کی انتخابی مہم کے سلسلے میں یوسی 19نفیس آباد Eایریا ، پی آئی بی جہانگیر روڈ ٹاؤن میں بڑی کارنر میٹنگیں منعقد ہوئیں جن سے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن محمد حسین اور نامزد حق پرست امیدوار برائے پی ایس 117میجر (ر) قمر عباس نے خطاب کیا ۔ کارنر میٹنگوں میں علاقے کے نوجوانوں ، بزرگوں اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور نامزد حق پرست امیدوار میجر (ر) قمر عباس کو 2جون کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔

ریلیوں اور کارنر میٹنگوں کے شرکاء کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہونے والے ہرعام انتخابات ، بلدیاتی انتخابات اور ضمنی انتخابات میں ایم کیوایم کے نامزد امیدواروں کی کامیابی اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ ایم کیوایم کراچی کی واحد نمائندہ جماعت ہے اور اس کے عوامی مینڈیٹ سے خوفزدہ عناصر قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیوایم کے خلاف منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈا کررہے ہیں جسے عوام نے ہر انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے مسترد کردیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پی ایس 106اور پی ایس 117کے ضمنی انتخابات میں نامزد حق پرست امیدواران محفوظ یار خان اور میجر (ر) قمرعباس کی انتخابی مہم میں عوام کی شرکت و شمولیت نے ان کی کامیابی کی پیشگی اطلاع دیدی ہے ، کارنر میٹنگوں اور یلیوں میں عوامی جوش و خروش ثابت کررہا ہے کہ نامزد حق پرست امیدواران تمام تر پروپیگنڈے اور سازشوں کے باوجود اس ضمنی انتخاب میں بھی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :