حکومت پنجاب صوبے میں کاروباری حضرات کیلئے آسانیا ں پیدا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کیلئے تیار ہے ‘عائشہ غوث پاشا

کاروباری حضرات کواین او سیز کی فراہمی سے کاروبار کی رجسٹریشن اور اراضی کے حصول تک تمام مراحل پر غیر ضروری کاروائیوں کو ختم کرکے تمام عمل کو آن لائن کر دیا جائے گا تیزی کے ساتھ ساتھ شفافیت کو بھی یقینی بنا یا جا سکے‘صوبائی وزیر خزانہ کا اجلاس سے خطاب

منگل 24 مئی 2016 17:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2016ء ) صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبے میں کاروباری حضرات کے لئے آسانیا ں پیدا کرنے کے لئے ہر ممکن اقدام کیلئے تیار ہے ، انہیں ان کے ادا کردہ ٹیکس کے عوض بہترین سہولیات مہیا کی جائیں گی اور این او سیز کی فراہمی سے کاروبار کی رجسٹریشن اور اراضی کے حصول تک تمام مراحل پر غیر ضروری کاروائیوں کو ختم کرکے اس تمام عمل کو آن لائن کر دیا جائے گا تا کہ تیزی کے ساتھ ساتھ شفافیت کو بھی یقینی بنا یا جا سکے ، اس سے ہمیں سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی حاصل رہے گا اور ان کی شکایات کا بھی بر وقت ازالہ کیا جاسکے گا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے سول سیکریٹریٹ میں پنجاب میں کاروبار میں آسانی کے حوالے سے صو بائی سٹیرنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے دنیا بھر میں کاروبار میں آسانی کے حوالے سے ورلڈ بنک کی مرتب کرہ فہرست کی روشنی میں اس عزم کا اعادہ کرتے ہو ئے کہ موجودہ حکومت پا کستان کو اس 138و یں نمبر سے50ویں درجے پر لے جائے گی ، صوبائی وزیر خزانہ کی قیادت میں 15ممبران پر مشتمل ایک سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دی ہے جو کاروباری حضرات کے لئے متعین شدہ اصول و ضوابط پر نظر ثانی کے بعد اس میں ضروری ترامیم متعارف کروائے گی اور ان ایریاز کی نشاندہی کرے گی جن کی بہتری کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون کی ضرورت ہے ۔

اس حوالے سے سرمایہ کا روں کو درپیش مسائل کاحل بھی کمیٹی کی ذمہ داری ہو گی ۔ کمیٹی کے دیگر ممبران میں چیف سیکرٹری پنجاب ، چیرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ ، سیکرٹری انڈسٹری ، سیکرٹری لیبر اینڈ ہیومین ریسورس ، سیکرٹری لیبر گورنمنٹ ، سیکرٹری انرجی ، سپیشل سیکرٹری فنانس ، اتھارٹی ، چیر مین پنجاب آئی ٹی بورڈ ، ایس وی پی لا ہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ۔

ڈی جی ایل ڈی اے اور چیرمین ریونیواتھارٹی شامل ہوں گے ۔ اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر الماس حیدر نے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشاکو تاجر برادری کی جانب سے کاروبار میں آسانیوں کے حوالے سے تجاویز پیش کیں انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اپنے طور پر سرمایہ کاروں بہترین سروسزمہیا کررہی ہے تاہم ان کی رفتار میں تیزی ضروری ہے ۔ چیرمین لوکل گورنمنٹ اور بورڈ آف انویسٹمینٹ اینڈ ٹریڈ نے بھی ممبران کو اپنی اپنی تجاویز اور تحفظات سے آگاہ کیا ۔

آخر میں صوبائی وزیر نے سی ای او پی بی آئی ٹی،ڈی جی ایل ڈی اے اورفنانس ڈیپارٹمنٹ کی چیر مین شپ میں تین ضمنی کمیٹیوں کا اعلان کیا جنہیں بالترتیب بزنس کی رجسٹریشن سے متعلقہ مسائل کی نشاندہی کی ذمہ داری سونپی گئی ۔ ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا نے اجلاس کو تاکید کی کہ وہ آئندہ ہفتے میٹنگ میں اپنی مکمل پریزنٹیشنز ٹائم لائن کے ساتھ لے کر آئیں۔