تیز بارش ، آندھی نے لیسکو کی کارکردگی کا پول کھول دیا،ترسیلی نظام متاثر ہونے سے لاہور سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کا نظام گھنٹوں معطل رہا

کمپنی کے 400، لاہور شہر کے 270فیڈرز ٹرپ کر گئے ،100فیڈرز پر12گھنٹے کے بعد بجلی کی بحالی ممکن ہو سکی ،پانی کا بحران بھی جاری رہا

منگل 24 مئی 2016 17:45

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2016ء) تیز بارش اور آندھی نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی کارکردگی کا پول کھول دیا،ترسیلی نظام متاثر ہونے سے لاہور سمیت کمپنی کے زیر انتظام متعدد علاقوں میں بجلی کا نظام گھنٹوں معطل رہا جس سے عوام کے معمولات زندگی بری طرح متاثر رہے ۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور اور گردونواح میں پیر اور منگل کی درمیانی شب تیز بارش اور آندھی سے لیسکو کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا اوربجلی کا نظام معطل ہو نے سے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے ۔

ذرائع کے مطابق آندھی اور بارش کے باعث لیسکو کمپنی کے 400اور لاہور شہر کے 270فیڈرز ٹرپ کر گئے ۔ بارش اور آندھی کا سلسلہ تھمنے کے بعد لیسکو کے آپریشنل سٹاف نے ہنگامی بنیادوں پر بجلی بحالی کے لئے اقدامات کا آغاز کیا تاہم ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہونے سے لیسکو کا عملہ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ کر سکا ۔

(جاری ہے)

منگل کی صبح تک بھی کئی علاقوں میں بجلی بحال نہ ہوسکی اور دوپہر کے وقت مرحلہ وار بجلی بحالی کا آغاز ہوا ۔

بتایا گیا ہے کہ شہر کے 100فیڈرز پر 12گھنٹے کے بعد بجلی کی بھالی ممکن ہو سکی ۔ذرائع کے مطابق جی او آر ون ، سیون کلب ، ایٹ کلب ، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور امریکن قونصلیٹ کی رہائش گاہیں بھی بجلی بندش کی زد میں آئیں۔دوسری طرف بجلی کا نظام معطل ہونے سے ٹیوب ویل بھی نہ چل سکے جس سے پانی کا بحرانی بھی جاری رہا ۔لیسکو ذرائع کے مطابق چلنے والے فیڈرز پر عارضی پر لوڈ شیڈنگ نہیں کی گئی ۔