Live Updates

ڈرون حملوں کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع

ڈرون حملے پاکستانی سالمیت اور خودمختاری پر حملہ ہے،تحریک انصاف

منگل 24 مئی 2016 17:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف نے ڈرون حملوں کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرادی، تحریک التواء ڈاکٹر شیریں مزاری، ساجدہ ذوالفقار، منزہ حسن، نفیسہ خٹک، ڈاکٹر عارف علوی اور جنید اکبر کی جانب سے جمع کروائی گئی،جس میں کہا گیا ہے کہ ملا منصور کو نشانہ بنانے کیلئے پاکستان کی سرزمین پر ڈرون حملہ کیا گیا،تحریک التواء میں قومی سلامتی اور جغرافیائی حدود کولاحق خطرات پر ایوان میں خصوصی بحث کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے طالبان سربراہ ملا اختر منصور کو امریکی ڈرون حملے میں ہلاک کئے جانے کے بعد قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کر ادی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈرون حملے پاکستانی سالمیت اور خودمختاری پر حملہ ہیں۔

(جاری ہے)

تحریک التواء ڈاکٹر شیریں مزاری، ساجدہ ذوالفقار، منزہ حسن ، نفیسہ خٹک، ڈاکٹر عارف علوی اور جنید اکبر کی جانب سے جمع کروائی گئی ہے۔

تحریک التواء میں قومی سلامتی اور جغرافیائی حدود کو لاحق خطرات پر ایوان میں خصوصی بحث کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گہا ہے کہ اس واقعے کے بعد کئی اہم سوالات نے جنم لیا ہے۔متن میں مزید کہا گیا ہے کہ 21 مئی کو طالبان رہنما ملا منصور کو نشانہ بنانے کیلئے بلوچستان میں پاکستان کی سرزمین پر ڈرون سے حملہ کیا گیا ، واقعے کے کئی روز بعد دفتر خارجہ کے بے معنی بیان کے علاوہ کوئی قابل ذکر ردعمل سامنے نہیں آیاجس سے کئی سوالات نے جنم لیا ہے، اوروزیراعظم لندن میں کہتے ہیں انہیں حملے کے بعد بتایا گیا جبکہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ امریکہ نے حملے کے بارے میں پاکستان کو آگاہ کیا تھا۔

تحریک التواء میں یہ بھی کہا گیا کہ کیسے ایک افغان طالبان رہنما پاکستانی شناختی کارڈ اور ایران اور اماراتی ویزوں کے ساتھ پاکستانی پاسپورٹ کا حامل ہو سکتا ہے۔ پاکستان کی افغان پالیسی مکمل طور پر غیر واضح اور مبہم ہے واقعے کے بعد سول اور عسکری حکام میں سکیورٹی پالیسی کے حوالے سے شگاف بھی سامنے آیا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات