امریکہ کے سامنے پاکستان کی خودمختاری کی کوئی اہمیت نہیں،میاں مقصود احمد

منگل 24 مئی 2016 17:15

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ میڈیا میں ملااخترمنصور کی بلوچستان کے علاقے نوشکی میں امریکی ڈورن حملے میں ہلاکت کی خبریں اس بات کاثبوت ہے کہ امریکہ کے سامنے پاکستان کی خودمختاری کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔پاکستانی سرزمین پر حملے حکمرانوں کی غلامانہ روش اور ناکامی کی عکاسی کرتے ہیں۔

جب بھی مذاکرات کے ذریعے خطے میں امن قائم ہونے کی امید پیداہوتی ہے توامریکہ اسے سبوتاژکردیتا ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کااعترافی بیان کہ’’ملامنصور کے مرنے کی تصدیق نہیں ہوئی،جان کیری کافون حملے کے بعدآیا‘‘توجہ طلب ہے۔کسی بھی ملک کا وزیراعظم ریاست کاآئینی وقانونی سربراہ ہوتاہے۔

(جاری ہے)

اگروہی قومی سلامتی اور ملکی سرحدوں کی حفاظت سے بے خبررہے گا توملک وقوم کااﷲ ہی حافظ ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملااخترمنصورپر حملے کے بعد افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پرلانے کی کوششیں ناکام ہوجانے کاخدشہ ہے۔بلوچستان کے بعد امریکی ڈرون حملوں کارخ اسلام آباد اور پنجاب کے دوسرے شہروں کی طرف بھی ہوسکتا ہے۔امریکہ اوربھارت کے مابین بڑھتی ہوئی قربتیں پاکستان کے لئے مسائل پیداکردیں گی۔یوں محسوس ہوتاہے کہ پاکستان عملاً امریکہ کی طفیلی ریاست بن چکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران بھی جنرل(ر)پرویزمشرف کی پالیسیوں پر گامزن ہیں۔امریکہ کی نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے برداشت کیا ہے۔100ارب ڈالر اور55 ہزار بے گناہ قیمتی جانوں کاضیاع معمولی قربانی نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ ناقابل اعتبارملک ہے جس کادباؤپاکستان کی طرف اور جھکاؤبھارت کی جانب ہے۔

نوشکی میں ہونے والاڈرون حملہ 2مئی ایبٹ آباد سے مشابہت رکھتا ہے۔ان سے ہماری خارجہ پالیسیوں میں موجودخامیاں کھل کر سامنے آچکی ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ حکومت پاکستان شترمرغ کی طرح گردن چھپانے کی بجائے قوم کو اصل حقائق بتائے۔جنوبی ایشیاکے خطے میں قیام امن کے لئے ضروری ہے کہ امریکی کردار کومحدودکیاجائے۔پاکستانی حدود میں امریکی ڈرون حملے ملکی سلامتی اور بقاء پربڑاسوالیہ نشان ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی وعسکری قیادت 18کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے امریکی سفیر کوطلب کرکے بھرپورانداز میں احتجاج کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ ہم اس وقت تک دنیامیں آزاد وخودمختار ہوکر نہیں رہ سکتے جب تک امریکی امداد اور آئی ایم ایف کے قرضوں سے جان نہیں چھڑائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :