مین بازار میں ناجائز تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن دُکانداروں کی دوڑیں ۔بازار میں آئی خواتین اور گاہکوں کی افسران کو دعائیں

Malik Usman ملک عثمان منگل 24 مئی 2016 16:14

بھائی پھیرو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 مئی۔2016ء) ۔مین بازار میں ناجائز تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن دُکانداروں کی دوڑیں ۔بازار میں آئی خواتین اور گاہکوں کی افسران کو دعائیں ۔تفصیلات کے مطابق تحصیل پتوکی کے پی او آر تنویر بلوچ بلدیہ کے افسران حبیب احمد ،صبح صادق نقیبی نے مقامی ایس ایچ او طاہر خاں اوربلدیہ اور پولیس کے ملازمین کے ہمراہ مین بازار میں ناجائز تجاوزات کے خلاف گرینڈ آ پریشن کیا تو دُکانداروں کی دوڑیں لگ گئیں ۔

بلدیہ نے بازار میں لگی ریڑھیوں خوانچہ فروشوں اور دکانوں کے آ گے لگے پھٹوں کو اُکھاڑ اُکھاڑ کر ٹرالی میں لاد لیا ۔اس آپریشن پر مین بازار کے کئی دُکاندار بلدیہ کے عملہ سے اُلجھتے رہے جبکہ کئی دُکانداروں نے اپنے سفارشیوں کے ٹیلی فون ملا کر بلدیہ افسران کے کانوں کو لگا دیا مگر افسران نے کسی کی ایک نہ سنی اور بازار سے ناجائز تجاوزات کو ہٹانے کا کام جاری رکھا آپریشن کے دوران بازار میں آ ئے گاہکوں جن میں مرد اور خواتین شامل تھے انہوں نے بلدیہ عملہ کو دعائیں دیں ایک خاتون رجو نے کہا کہ بھائی پھیرو بازار میں ناجائز تجاوزات کی وجہ سے سودا سلف خریدنے والوں کا بہت بُرا حال تھا اور بازار میں سے گزرنا بھی مشکل تھا ۔

(جاری ہے)

اب بازار میں سے ناجائز تجاوزات ہٹ چکے ہیں مگر ضرورت ہے کہ یہ آ پریشن مسلسل جاری رکھا جائے شہر کے ایک سماجی راہنماء احمد جمال نے کہا کہ ملتان روڈ پر کھڑے رکشوں ٹیکسیوں اور کاروں او ر بسوں کے ناجائز اڈوں اور ناجائز تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک گھنٹوں جام رہتی ہے بلدیہ کو چاہیے کہ ملتان روڈ پر ایسا ہی آ پریشن کرے ۔