حکومت کی نیت پر شک ہے‘ ٹی او آرز کمیٹی سے کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا‘ ہمارے تحقیقاتی ادارے شفاف تحقیقات نہیں کروا سکتے‘ نیب نے خود اتفاق کیا کہ چیف جسٹس سے پانامہ لیکس کی تحقیقات کروائی جائیں

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کاجوڈیشل کمپلیکس میں تقریب سے خطاب

منگل 24 مئی 2016 16:13

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2016ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کی نیت پر شک ہے‘ ٹی او آرز کمیٹی سے کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا‘ ہمارے تحقیقاتی ادارے شفاف تحقیقات نہیں کروا سکتے‘ نیب نے خود اتفاق کیا کہ چیف جسٹس سے پانامہ لیکس کی تحقیقات کروائی جائیں۔ وہ منگل کو یہاں جوڈیشل کمپلیکس میں تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اہم معاملے میں وکلاء لاتعلق نہ رہیں اپنا کردار ادا کریں۔ ہماری تحریک کسی فرد‘ ادارے یا خاندان کے نہیں کرپشن کے خلاف ہے۔ ہماری تحریک کا عنوان کرپشن مٹاؤ ملک بچاؤ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے بعد اب ملک کا پڑھا لکھا طبقہ خاموش نہیں رہ سکتا وکلاء سے درخواست ہے کہ موجودہ حالات میں لا تعلق نہ رہیں ہم نے جو تحریک شروع کی ہے اس میں وکلاء کا ساتھ چاہئے۔

(جاری ہے)

ہماری تحریک صرف کرپشن کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود کو احتساب کے لئے پیش کردیا ہے۔ حکومت کی نیت پر شک ہے ٹی او آر کمیٹی سے کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ماضی میں حکومتی اداروں نے تحقیقاتی اداروں کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کیا ہمارے تحقیقاتی ادارے شفاف تحقیقات نہیں کرواسکتے۔ نیب نے اتفاق کیا کہ چیف جسٹس سے پانامہ لیکس کی تحقیقات کروائی جائیں۔