صدر مملکت کی عوام کو ان کی دہلیز پر فوری انصاف کی فراہمی پر وفاقی محتسب آفس کے کردار کی تعریف

منگل 24 مئی 2016 15:30

اسلام آباد ۔ 24 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مئی۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے عوام کو ان کی دہلیز پر فوری انصاف کی فراہمی پر وفاقی محتسب آفس کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ محتسب کو کیسز نمٹاتے ہوئے شکایت کنندہ کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بدانتظامی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف انضباطی کارروائی بھی تجویز کرنی چاہئے۔ انہوں نے یہ بات وفاقی محتسب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے سلمان فاروقی کی سربراہی میں منگل کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

وفاقی ٹیکس محتسب عبدالرؤف چوہدری بھی ملاقات میں موجود تھے۔ صدر نے کہا کہ قوانین کا مقصد عوام کے لئے مشکلات پیدا کرنا نہیں بلکہ ان کی مدد اورانہیں سہولت فراہم کرنا ہوتا ہے۔صدر نے امید ظاہر کی کہ مختلف سرکاری اداروں کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے قائم کی جانے والی وفاقی محتسب کی سات کمیٹیاں عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لئے حکومت کو موثر اور قابل عمل سفارشات پیش کریں گی۔

(جاری ہے)

وفاقی محتسب نے صدر کو پنشن اصلاحات ‘ جیل اصلاحات اور تھانہ اصلاحات کے بارے میں رپورٹس پیش کیں۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے پنشن کے مسائل کے حل کے لئے ماہرین کی طرف سے جامع رپورٹ کی تیاری ایک خوش آئند اقدام ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ جیل اور تھانہ اصلاحات کے بارے میں رپورٹس کی تیاری ان شعبوں میں کارکردگی کو بہتر بنانے میں معاون ہوں گی۔

صدر مملکت نے وفاقی محتسب سے کہا کہ وہ لوگوں کو مفت اور فوری انصاف کی فراہمی کے لئے کام جاری رکھیں۔وفاقی محتسب نے صدر مملکت کو وفاقی محتسب کی مختلف کمیٹیوں کے کام کے بارے میں آگاہ کیا اور وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کی طرف سے شروع کئے جانے والے شکایات کے فوری ازالے کے پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

متعلقہ عنوان :