ایبٹ آباد کے ٹریفک نظام میں بہتری لانے کیلئے ہفتہ ٹریفک آگاہی مہم شروع

دوسرے مرحلہ میں قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد ہوں گے، انتظامی افسران کا سیمینار سے خطاب

منگل 24 مئی 2016 13:54

ایبٹ آباد۔ 24 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مئی۔2016ء) ایبٹ آباد کے ٹریفک نظام میں بہتری لانے کیلئے ہفتہ ٹریفک آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں ایبٹ آباد ٹریفک پولیس کے زیراہتمام ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ٹرانسپورٹ یونینز و سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور ٹریفک کو روان دواں رکھنے اور اس میں بہتری لانے کیلئے تجاویز پیش کیں۔

ایبٹ آباد میں چلنے والی سوزوکیوں اور کیری سوزوکی کیلئے مخصوص اڈے قائم کرنے، بس سٹاپ بنانے اور تمام پرائیویٹ گاڑیوں کو روٹ پرمٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تقریب سے جنرل (ر) ایاز رانا، ایس پی شمس الرحمن، ای سی یو ٹی گوہر الرحمن، ٹریفک انسپکٹر سید فاروق شاہ، سیکرٹری آر ٹی اے پرویز خان اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے ناہید خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انتظامی افسران نے کہا کہ ایبٹ آباد میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے کام شروع کر دیا گیا ہے، پہلے مرحلہ میں آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے جبکہ دوسرے مرحلہ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سی نمٹا جائے گا۔ ایبٹ آباد شہر میں چلنے والی سوزوکیوں اور کیری سوزوکیوں کیلئے اڈے اور نئے بس سٹاپ بنائے جا رہے ہیں جبکہ سواریاں اٹھانے والے کیری ڈبوں اور سوزوکیو ں کو روٹ پرمٹ جاری کئے جائیں گے۔