تیزآندھی اور بارش ‘لاہور میں دیوار گرنے سے7افراد ہلاک

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 24 مئی 2016 12:24

تیزآندھی اور بارش ‘لاہور میں دیوار گرنے سے7افراد ہلاک

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24مئی۔2016ء) ملک کے مختلف شہروں میں تیز آندھی،بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے حادثات میں10 افراد جاں بحق ہو گئے ، لاہور میں 7، فیصل آباد میں ایک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔لاہورمیں آندھی اوربارش کے دوران زیر تعمیر گودام کی دیوار اورنج ٹرین منصوبے کے سوئے ہوئے مزدوروں پر آگری ، جس کے نتیجے میں7 مزدورجاں بحق اورچارزخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والے تین مزدوروں کی شناخت ہوگئی۔

ریسکیو کے مطابق لاہورمیں رنگ روڈ کے قائد اعظم انٹر چینج کے قریب اورنج ٹرین کے منصوبے کے مزدور ایک زیر تعمیر گودام کی دیوار کےساتھ خیمہ لگائے سورہے تھے کہ آندھی اورتیز بارش کے دوران گودام کی دیوار قیامت بن کر ان پر ٹوٹ پڑی۔

(جاری ہے)

ملبے تلے دب کر دو مزدورموقع پر جاں بحق جبکہ5 ہسپتال میں دم توڑ گئے، ریسکیو کے مطابق 4 مزدورزخمی ہیں۔تفصیلات کے مطابق قائد اعظم انٹر چینج پر واڑہ گجراں میں زیر تعمیر گودام کی دیوار گرنے سے خیمے میں سوئے ہوئے اورنج لائن ٹرین کے سات مزدور جاں بحق جبکہ 4 مزدور زخمی ہو گئے جنہیں میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں 22 سالہ ارشد ، 19 سالہ ندیم 35 سالہ مقبول ، 24 سالہ عثمان ، 25 سالہ عرفان شامل ہیں جبکہ 2 کی شناخت تاحال نا ہو سکی۔ ریسکیو کی ٹیموں نے کرینوں کی مدد سے ملبے کو ہٹا کر لاشوں اور زخمیوں کو نکالا۔ ریسکیو کے مطابق حادثہ تیز بارش کی وجہ سے پیش آیا۔ عرفان ، عثمان اورمقبول ہیں جن کا تعلق میانوالی اوررحیم یارخان سے ہے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ۔فیصل آباد کے علاقے ابن مریم کالونی میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی۔ ملبے تلے دب کر 8 سال کی بچی جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ڈیرہ اسماعیل خان میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :