مردان،کارکنان فضلاء کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی توانائیاں صرف کریں ،قاری نیاز علی

منگل 24 مئی 2016 11:52

مردان۔24 مئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مئی۔2016ء ) جمعیت علماء اسلام تحصیل مردان کے جنرل سیکرٹری قاری نیاز علی نے کہا ہے کہ(آج) بدھ کو مردان میں منعقدہ فضلاء کانفرنس اسلامی نظام کے نفاذ میں سنگ میل ثابت ہوگی ،جمعیت علماء اسلام ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ اور جمہوریت کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار فضلاء کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف یونین کونسلوں میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے کے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا تحریک انصاف نے انتخابات کے دوران عوام سے کیا گیا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا، خیبر پختونخوا کے عوام بیدار ہوچکے ہیں اور آئندہ تحریک انصاف کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

(جاری ہے)

قاری نیاز علی نے کہا کہ عمران خان نیا پاکستان بنانے سے پہلے نیا پختونخوا تو بنائیں خیبر پختونخوا کے عوام مسائل کی دلدل میں پھنس چکے ہیں ،جبکہ عمران خا ن وزیر اعظم بننے کے خواب دیکھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ دور جمعیت علماء اسلام کا ہے یہی جماعت عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے قاری نیاز علی نے کارکنوں سے اپیل کی کہ فضلاء کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی توانائیاں صرف کریں انہوں نے کہا کہ فضلاء کانفرنس کے انعقاد سے اسلامی نظام کے نفاذ کی منزل قریب ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :