کوہاٹ ،پولیس کاسرچ آپریشن،3 افغان باشندوں سمیت 33 مشتبہ افراد کو گرفتار

منگل 24 مئی 2016 11:51

کوہاٹ۔24 مئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مئی۔2016ء ) کوہاٹ چھاؤنی کے مختلف علاقوں میں پولیس کا سرچ آپریشن کے دوران تین افغان باشندوں سمیت 33مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔کارروائی میں گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ و منشیات بھی برآمدکرلیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق کوہاٹ پولیس کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی کاروائیاں کامیابی سے جاری ہے ۔

آپریشن کے سلسلے میں پولیس کی بھاری نفری نے حساس اداروں کی نشاندہی پر چھاؤنی کے مختلف علاقوں کا محاصرہ کرتے ہوئے مشکوک اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کی تلاش میں سرچ آپریشن شروع کیا اور اس دوران ٹارگٹڈ گھروں کی تلاشی لی گئی ۔

(جاری ہے)

سرچ آپریشن کی کارروائی میں پولیس نے مختلف مقامات سے تین افغان باشندوں سمیت 33افراد کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پر ایک رائفل، ایک ریپیٹر،چار پستول،سینکڑوں کارتوس،سات چارجرزاور ڈیڑھ کلو گرام چرس برآمد کرکے ان گرفتار افراد کو مزید پوچھ گچھ کیلئے تھانہ چھاؤنی منتقل کردیا جہاں شناختی و سفری دستاویزات نہ رکھنے والے تینوں گرفتار افغان باشندوں کے خلاف ایمیگریشن قوانین کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے جبکہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں بھی چھ افراد کے خلاف مقدمات قائم کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :