صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے ایک اچھے ماحول کا ہونا نہایت ضروری ہے،ڈی سی او اٹک

پیر 23 مئی 2016 22:43

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مئی۔2016ء ) ڈی سی او رانا اکبر حیات نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے ایک اچھے ماحول کا ہونا نہایت ضروری ہے صفائی کو نصف ایمان قرار دیا گیا ہے ہمیں چاہیے کے اپنے گھر کو صاف ستھرا رکھنے کے ساتھ گلی اور محلے اور اپنے شہر کو صاف ستھرا رکھیں تاکہ مجموعی طور پر ایک صاف ستھرا معاشرہ تشکیل پاسکے ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ صفائی کے سلسلے میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا یہ سیمینار ٹی ایم اے اٹک میں منعقد کیا گیا سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او رانا اکبر حیات نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف صوبے کو دیگر صوبوں کے مقابلے میں مثالی بنانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں اور اس سلسلے میں ایسے انقلابی اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس کی وجہ سے پنجاب کو دیگر صوبوں کے لئے مثالی بنا دیا جائے یہ تمام اقدامات اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے انہو ں نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرارکھنا سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ ہر شہری کی بنیادی ذمہ داری ہے ہم اپنے گھر کو اچھانے بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں لیکن گلی میں کوڑا پھینک کر ایک ایسا تاثر قائم کرتے ہیں جس کو دیکھ کر دوسرے لوگ برا خیال کرتے ہیں گھر سے باہر گلی کی صفائی ایک اچھے شہری کی علامت ہے کیونکہ جب ہم اپنے گھر کے ساتھ ساتھ گلی محلے کو صاف ستھرا نہیں رکھتے تو اس سے جو آلودگی پیدا ہوتی ہے جس سے ہم خود متاثر ہوتے ہیں آئے روز بیماریوں سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے گھر کے ساتھ ساتھ اپنے گلی اور محلے اور شہر کو صاف رکھیں تاکہ ہمارے بچے اور ہم خود بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں انہوں نے کہا جیسا کہ ہم سب کو معلوم ہے کہ ڈینگی جیسا موذی مچھر بھی ناقص صفائی اور جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے اس لئے ان امراض سے بچنے کے لئے ہمیں اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنا نہایت ضروری ہے انہو ں نے کہا کہ اٹک شہر کو صاف بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ہفتہ صفائی میں تمام محکمے اپنی اپنی ذمہ داریوں کے مطابق شہر کو صاف بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ شہر کو صاف بنانے کے لئے منائے جانے والے اس ہفتہ صفائی میں ہر ممکن تعاون کریں اس سلسلے میں ایک واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس کا افتتاح ڈی سی او رانا اکبر حیات نے بذات خود حصہ لے کر کیا اس موقع پرسیاسی وسماجی راہنما، ضلعی انتظامیہ کے افسران ،کونسلرزاور طلباء کی کثیر تعداد کے علاوہ شہریوں نے واک میں بڑی تعداد میں شرکت کی واک کے شرکائے نے ہاتھ میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر صفائی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لئے معلومات لکھی گئی تھیں یہ واک ٹی ایم اے دفتر اٹک سے شروع ہو کر فوارہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی ۔