خضدار کی تحصیل مولہ کے عوام کو سولر سسٹم کے ذریعے بجلی فراہم کردی گئی ہے ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل خضدار آغا شکیل احمددرانی

پیر 23 مئی 2016 22:30

خضدار ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مئی۔2016ء ) چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاہے کہ خضدار کی تحصیل مولہ کے عوام کو سولر سسٹم کے ذریعے بجلی فراہم کردی گئی ہے ۔ کروڑ روپے کی لاگت سے 170گھرانوں کو شمسی توانائی سسٹم سے منسلک کیا گیا ہے۔ عوام کو زندگی کی سہولیات کی فراہمی کا یہ تسلسل اسی تیزی کے ساتھ آئندہ بھی جاری رہیگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماء میر محمد اکبر جتک کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ وفدمیں میر محمد عالم موسیانی ،پیر محمد زہری ودیگر شامل تھے ۔ اس سے قبل میر محمد اکبر جتک نے ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی سے ملاقات کرکے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری کی جانب سے مولہ میں سولر سسٹم کے ذریعے عوام کو بجلی کی فراہمی پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

میر محمد اکبر جتک کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری مولہ کو اپنا گھر سمجھ کر وہاں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا رہے ہیں ۔ اور اب تک کروڑ وں روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر ، واٹر چینلز، حفاظتی بندات، پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، تعلیم وصحت کے منصوبے مکمل ہوچکے ہیں ۔ جس کو اہل علاقہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اب حالیہ دنوں میں 170خاندانوں میں سولر سسٹم تقسیم ہونا اور انہیں بجلی ملنا بھی ایک انقلابی قدم ہے ۔

ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ عوام کو سہولیات کی فراہمی ہمارا عزم ہے اس خدمت کو سرانجام دیتے رہیں گے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری اور ہم آپ میں سے ہیں جب ہم عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اس طرح کے اقدامات عمل میں لاتے ہیں تو ہمیں خوشی محسوس ہوتی ہے ۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود ہمارے اغراض و مقاصد میں شامل ہے جنہیں ہر صورت پورا کیا جائیگا ۔

آئندہ دنوں میں مزید گھرانوں کو شمسی توانائی کے ذریعے بجلی فراہم کی جائیگی ۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) خضدار کے جنرل سیکریٹری سردار عزیز محمد عمرانی و دیگر کارکنان بھی موجو د تھے ۔ جنہوں نے مولہ کے عوام کی جانب سے وزیرعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری اور ڈسٹرکٹ چیئرمین آغا شکیل احمددرانی کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :