چوہدری شجاعت حسین کی منصورہ میں وفد کے ہمراہ سینیٹر سراج الحق سے ملاقات

پیر 23 مئی 2016 22:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمرا ہ منصورہ میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی ۔وفد میں چوہدری پرویز الہیٰ،کامل علی آغا ،طارق بشیر چیمہ بھی شریک تھے جبکہ ملاقات میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،محمد اصغر ،سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم اور امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد بھی موجود تھے ۔

چوہدری شجاعت حسین اور ان کے وفد نے سراج الحق سے امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش مطیع الرحمن نظامی کے عدالتی قتل پر اظہار تعزیت کیا اور اس معاملے میں حکومت کی مجرمانہ خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو یہ مسئلہ عالمی فورمز پر اٹھانا چاہئے تھا ۔

(جاری ہے)

چوہدری شجاعت حسین نے ترکی کے صدر طیب اردگان کو زبر دست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جو کام ہمارے حکمرانوں کو کرنا چاہئے تھا وہ طیب اردگان نے کیا ۔

سینیٹر سراج الحق نے چوہدری شجاعت حسین اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے آنے سے ہمیں حوصلہ ملا اور ہماری ڈھارس بندھی ۔وفد نے مطیع الرحمن نظامی اور شہدائے بنگلہ دیش کیلئے مغفرت کی دعا بھی کی ۔بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹی او آرز کمیٹی کو جلد از جلد ٹی او آرز کوحتمی شکل دیتے ہوئے ان پر کاروائی کا آغاز کرنا چاہئے ۔

اس سلسلہ میں اسمبلی کو بھی جلد قانون سازی کا عمل مکمل کرنا چاہئے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے دوچار ہے ۔بدامنی اور بے چینی مسلسل بڑھ رہی ہے ۔ملک میں بے یقینی کی صورتحال ہے ۔ایک طرف پاناما لیکس بہت بڑی مصیبت بن کر سامنے آئی اور دوسری طرف عوام بے پناہ مسائل کا شکار ہیں اور حکومت سے رہی سہی امیدیں بھی دم توڑ رہی ہیں ۔

حکمران گرد و غبار اڑا کر اس کے پیچھے چھپنے کی کوشش نہ کریں بلکہ جلد از جلد 1956کے ایکٹ میں ترمیم کرکے کمیشن تشکیل دیں جس کومجرموں کے خلاف مکمل اور حتمی فیصلے کرنے کا اختیار ہو ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے فروری سے جس کرپشن فری پاکستان تحریک کا آغاز کیا تھا وہ اب بچے بچے کی زبان پر ہے اور ہمیں امید ہے کہ دیگر سیاسی جماعتیں بھی اس تحریک میں ہمارا ساتھ دیں گی تاکہ ملک سے کرپشن کے ناسور کو ہمیشہ کیلئے ختم کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ ہم 25مئی سے کرپشن کے خلاف ٹرین مارچ کررہے ہیں تاکہ قوم کو ہر طرح کی کرپشن کے خلاف ایک منظم قوت بنا کر کرپٹ اشرافیہ سے ہمیشہ کیلئے نجات حاصل کی جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :