ایف آئی اے سائبرکرائم سرکل نے جعلی اے ٹی ایم کارڈز کے ذریعے پیسے نکلوانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا

ملزم اے ٹی ایم مشینوں پر خفیہ ڈیوائس لگا کر شہریوں کے پاس ورڈ چوری کر تا تھا ، ڈیوائسز ،مختلف بینکوں کے جعلی اے ٹی ایم کارڈز برآمد ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل ،نکلوائی گئی رقم کے حوالے سے تخمینہ لگانے کے لئے بینکوں سے بھی رابطے جاری ہیں‘ حکام

پیر 23 مئی 2016 21:50

ایف آئی اے سائبرکرائم سرکل نے جعلی اے ٹی ایم کارڈز کے ذریعے پیسے نکلوانے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مئی۔2016ء)لاہور میں ایف آئی اے سائبرکرائم سرکل نے جعلی اے ٹی ایم کارڈز کے ذریعے پیسے نکلوانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ،ملزم اے ٹی ایم مشینوں پر خفیہ ڈیوائس لگا کر شہریوں کے پاس ورڈ چوری کر تا تھا ، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے ٹیم تشکیل دے دی گئی تاہم اے ٹی ایم مشینوں کے ذریعے سے نکلوائی گئی رقم کے حوالے سے تخمینہ لگانے کے لئے بینکوں سے بھی رابطے جاری ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم نے اے ٹی ایم مشین میں خفیہ ڈیوائس لگا کر شہریوں کے پاس ورڈ چوری کرنے والے ملزم عرفان کو گرفتار کر لیا ہے ۔ ملزم لیہ کا رہائشی ہے جو اے ٹی ایم مشین میں خفیہ ڈیوائس لگا کر شہریوں کے پاس ورڈ چوری کرتا ۔

(جاری ہے)

چوری شدہ پاس ورڈ کی بنیاد پر جعلی اے ٹی ایم کارڈ بنا کر استعمال کرتا اور شہریوں کی جیبوں کا صفایا کر جاتا۔

ملزم عرفان کے قبضہ سے ڈیوائسز اور مختلف بینکوں کے جعلی اے ٹی ایم کارڈز برآمد کر لئے گئے ہیں ۔ ملزم کا کہنا ہے کہ اس کام میں اسکے دیگر ساتھی بھی ملوث ہیں ۔ وہ صرف پن کوڈ ڈیوائس اے ٹی ایم مشینوں پر نصب کرتا تھا۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ تاہم اے ٹی ایم مشینوں کے ذریعے سے نکلوائی گئی رقم کے حوالے سے تخمینہ لگانے کے لئے بینکوں سے بھی رابطے جاری ہیں۔