کراچی،لیاری میں غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف اہل لیاری کا چیل چوک سے کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس تک احتجاجی مارچ ، دھرنا

لیاری سے لوڈشیڈنگ ختم کی جائے ورنہ کے الیکٹرک والے لیاری میں بجلی کے بل بھی تقسیم نہیں کرسکیں گے، پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی کا دھرنے کے شرکاء سے خطاب

پیر 23 مئی 2016 21:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مئی۔2016ء) کراچی کے علاقے لیاری میں غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف پیرکو اہل لیاری نے چیل چوک سے کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس تک احتجاجی مارچ کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کے سامنے دھرنا دیا۔دھرنے میں بچوں، خواتین سمیت اہل لیاری کی ایک کثیرتعدادنے شرکت کی ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ، بینرزاٹھارکھے تھے ، جس پر کے الیکٹرک کے خلاف نعرے درج تھے ۔

احتجاج میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جاوید ناگوری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جاوید ناگوری نے کہاکہ لیاری سے لوڈشیڈنگ ختم کی جائے ورنہ کے الیکٹرک والے لیاری میں بجلی کے بل بھی تقسیم نہیں کرسکیں گے۔ کے الیکٹرک ’’را’’ کے ایجنٹ کا کردار ادا کررہی ہے،آدھی آدھی رات تک غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

جس پر سپریم کورٹ اس ظلم کے خلاف ازخودنوٹس لے۔انہوں نے کہاکہ کراچی کو اپنا کہنے والے بھی کے الیکٹرک کی نجکاری میں شامل تھے،کراچی شہر کے ٹھیکیداروں نے پرویز مشرف کے ساتھ ملکر کے الیکٹرک کو فروخت کیا۔ لیاری کے لوگ ڈنڈوں سے نہیں ڈرتے ہم تو جنرل ضیاء الحق کے آگے نہیں جھکے تو پرویز مشرف کے پٹھوؤں کے آگے کیا جھکیں گے۔جاوید ناگوری نے کہاکہ کے الیکٹرک نے روشنیوں کے شہر کو اندھیرے میں دھکیل دیاہے۔

کے الیکٹرک کی نجکاری کرکے لیاری اور کراچی والوں کے ساتھ ظلم کیا گیاہے۔کے الیکٹرک کا کراچی میں دفترقائم نہیں ہواتھا مگر لیاری اس وقت بھی تھا اور رہے گا۔انہوں نے کے الیکٹرک کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ سدھرجائیں ورنہ آج لیاری سے قافلہ نکلا ہے کل پورے کراچی سے قافلہ نکلے گا۔انہوں نے کہاکہ رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کرنا کہاں کا انصاف ہے۔

شب برات کے وقت بھی لیاری والوں کو لوڈشیڈنگ سے نہ بخشاگیا۔کل سب اپنے گناہوں کو بخشوا رہے تھے مگر کے الیکٹرک والوں کے لئے جہنم جانے کی بددعائیں کی گئیں۔جاوید ناگوری نے کہاکہ لیاری والے نفسیاتی مریض بن گئے ہیں۔اس شہر میں جب صحافی قتل ہوتے تھے خوف کی فضا کا لیاری والوں نے خاتمہ کیا ہے۔آج صحافت تو آزاد ہے مگر صحافی آزاد نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک اپنی زیادتیاں بند کرے اوراپناقبلہ درست کرے ورنہ راست اقدام پر مجبور ہونگے۔رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ ختم کردیں آج کا دھرنا ختم کر دینگے۔لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا اعلان نہ کیا تو پھر آج ہڑتال پر مجبور ہونگے۔