نظام مصطفےٰ ؐ کے نفاذ کیلئے عملی جدوجہد کی ضرورت ہے،مملکت اسلامی کو لبرل ازم اور سیکولرازم کی جانب لے جانے کی سازشیں ہورہی ہیں،صاحبزادہ ابوالخیر

پیر 23 مئی 2016 20:35

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مئی۔2016ء) ملک میں نظام مصطفےٰ ؐ کے نفاذاور مقام مصطفےٰ ؐ کے تحفظ کے لئے عملی جدوجہد کی ضرورت ہے،علماء ومشائخ کی زیادہ ذمہ داری ہے کہ وہ حجروں اور خانقاہوں سے نکل کراسلامی ریاست کو مغربی سوچ سے آلودہ کرنے کی سازش کے خلاف میدان عمل میں آئیں،مملکت اسلامی کو لبرل ازم اور سیکولرازم کی جانب لے جانے کی سازشیں ہورہی ہیں۔

نظام مصطفےٰؐ کے پیغام عدل اور اعتدال اور سماجی خدمت کو فروغ دے کر قوم کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی جدوجہد کی جائے۔یہ باتیں قائد جمعیت علماء پاکستان ڈاکٹرصاحبزادہ ابوالخیر محمدزبیر نے نارتھ ناظم آبادمیں علیمیہ اسلامک انسٹیٹیوٹ ،جامع مسجد علیمیہ کے زیراہتمام آٹھ روزہ فہم دین کورس کے اختتام پر منعقدہ تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

فہم دین کورس کے عنوانات تدبروتفکر فی القرآن ،وحی کی اقسام، حدیث کی ضرورت واہمیت ،حجیت واقسام، عائلی مسائل اور ان کا شرعی حل، امور زکوٰۃ، امام اعظم ابوحنیفہ اور فقہ کی تدوین واہمیت جیسے بامقصد موضوعات پرمعروف اسلامی اسکالرزوعلماء کرام رکن اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹرپروفیسر نوراحمدشاہتاز، علامہ صاحبزادہ عذیر محمود الازہری، مفتی ابوبکر صدیق شاذلی،پروفیسرعامربیگ اورپروفیسرمفتی عبداﷲ نورانی نے لیکچردیئے۔

کورس کے نگران علامہ محمدجہانگیر خان صدیقی نے قرون اولیٰ میں مسجد ومدرسہ مسلمانوں کی زندگی کے تمام مسائل حل کرنے کے مراکزتھے،جہاں سے امت مسلمہ کے تمام فیصلے صادرہواکرتے تھے،افسوس کہ آج کے اس دورمیں مذہبی ودینی فکر کی حامل جماعتوں نے اسلام کے نظام کو سیاسی ،جہادی اور روحانی میں تقسیم کرکے امت میں ایک تفریق پیداکردی ہے جبکہ ایک طبقہ تو باقاعدہ اسلام کی عالمگیر اور ہمہ جہت حیثیت کو محدودکرنے پر لگاہواہے۔

انہوں نے کہاکہ اس طرح کے دوہرے معیار اور کردار نے امت مسلمہ کے نوجوانوں کو اسلام کی حقیقی فکر سے دورکردیاہے، ہمیں چاہئے کہ اتباع رسول ؐ کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں،رسول اﷲؐ کی ساری زندگی بنی نوع انسانی کے لئے باالعموم اور مسلمانوں کے لئے باالخصوص بہترین نمونہء عمل ہے۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہاکہ اس وقت مسلم امہ کو اپنی صفوں میں موجودمنافقین کی وجہ سے شدید فتنوں کا سامناہے، امریکااور اس کی اتحادی طاقتوں نے داعش، القاعدہ،بوکوحرام اور طالبان جیسی قوتوں کو تیارکیادوسری طرف ان کے خلاف کارروائی کرکے مسلمانوں میں افراتفری اور انتشار پیداکیاجارہاہے۔

انہوں نے کہاکہ رسول پاک ؐنے قرآن پاک میں تمام فتنوں اور یہودونصاریٰ وہنودکی سازشوں سے آگاہ کردیاہے ، صرف قرآن وسنّت پر عمل پیراہونے کی ضرورت ہے۔