نشئی افراد کی بحالی مراکز کے لئے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ، نشئی افراد کی بحالی میں اے این ایف کا کردار قابل ستائش ہے، نوجوان ملک کا مستقبل ہیں ،انہیں منشیات کی لعنت سے بچانا ضروری ہے

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کااے این ایف سربراہ میجر جنرل ناصر دلاور کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب

پیر 23 مئی 2016 20:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مئی۔2016ء ) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہاہے کہ منشیات کی روک تھام اور نشے کے عادی افراد کی بحالی میں اینٹی نا ر کوٹکس فورس(ANF) صوبہ بھر میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اینٹی نا رکوٹکس فورس کے سربراہ میجر جنرل نا صر دلاور شاہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں معروف صنعت کار سردار یٰسین ملک ،نثار چاؤلہ ، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے بھی شرکت کی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل ہیں انھیں بہترین تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ منشیات کی لعنت سے بچانا بھی نہایت ضروری ہے تاکہ وہ معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ نشئی افراد کی بحالی کے لئے بھی اے این ایف(ANF) اسپتال احسن طریقہ سے کام کر رہا ہے اور اس میں خواتین اور بچوں کے وارڈز کی تعمیرسے اس کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے میں نمایاں مدد ملے گی ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت اس منصوبے میں اے این ایف کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرے گی تاکہ نشئی افراد کی بحالی کے اس مرکز کو مزید موئثر اور فعال بنایا جاسکے ۔ انہوں نے فورس کے سربراہ میجر جنرل دلاور شاہ کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی دلچسپی کے باعث اے این ایف مزید فعال طریقہ سے کام کررہی ہے ۔ میجر جنرل نا صر دلاور شاہ نے اس موقع پر کہا کہ اسپتال کی توسیع کے منصوبے میں مخیر حضرات کا تعاون بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے ۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اے این ایف پورے ملک سے منشیات کے خاتمے اور نشئی افراد کی بحالی کے لئے کام جاری رکھے گی سندھ میں اے این ایف کے سربراہ بریگیڈیئر ابو ذر نے اس موقع پر اے این ایف کی جانب سے سندھ میں کی جانے والی کارروائیوں سے تفصیل سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اے این ایف کا ہر جوان اور افسر صوبہ کو منشیات سے پاک کرنے کے عزم پر کاربند ہے ۔