وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ایف آئی اے کی تشکیل نو کیلئے قلیل،وسط اور طویل المدتی منصوبہ بنانے کی ہدایت

وفاقی دارالحکومت میں ملازمین کیلئے نئے رہائشی سیکٹرز کی تعمیر ، انٹر نیشنل ڈیفنس ا رگنائزیشن کے ایگزیکٹو ممبرز کے اجلاس کی پاکستان میں 2017میں میزبانی کی بھی منظوری لینڈ مافیا کی نشاندہی کیلئے خصوصی کمیٹی ور شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے'' خصوصی سیل'' کے قیام کی ہدایت رمضان میں شہریوں کو کھانے پینے کی اشیاء کی مقررہ قیمتوں میں فروخت یقینی بنائی جائے ، ملاوٹ کی روک تھام کیلئے تاجروں کیساتھ ملکر باقاعدہ مہم چلائی جائے ،اشیاء ضروریہ کی مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے، چوہدری نثار کی اسلا م آباد انتظامیہ کو ہدایت

پیر 23 مئی 2016 19:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وفاقی تحقیقاتی دارے (ایف آئی اے )کی تشکیل نو کیلئے قلیل،وسط اور طویل المدتی منصوبہ بنانے کی ہدایت کر دی۔وزیر داخلہ نے وفاقی دارلحکومت میں ملازمین کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کر نے کیلئے نئے رہائشی سیکٹروں کے قیام ، جنیوا میں قائم انٹر نیشنل ڈیفنس ا رگنائزیشن کی ایگزیکٹو ممبرز کے اجلاس کی پاکستان میں 2017میں میزبانی کی بھی منظوری دیدی۔

پیر کو وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا ،اجلاس میں سیکرٹری داخلہ ،چیئر مین نادرا،ڈی جی پاسپورٹ ،اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کے حکام سمیت وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسلام آباد میں لینڈ مافیا کی نشاندہی کیلئے ایک خصوصی کمیٹی قائم کر نے کی ہدایت کی جس میں ڈپٹی کمشنر ریونیو،ایس پی اسلام آباد اور محکمہ ریونیو کے حکام شامل ہوں گے،وزیر داخلہ نے اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کو وفاقی دارلحکومت میں لینڈ مافیا کی روک تھام اور شہریوں کی اس حوالے سے شکایات کا ازالہ کر نے کیلئے'' خصوصی سیل'' کے قیام کی بھی ہدایت کر دی ۔

اجلاس میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیاں اسلام آباد کے دیہی رہائشیوں کی کم قیمت میں خرید رہی ہیں جس کی روک تھا م ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں کم آمدنی والے سرکاری ملازمین کیلئے رہائشی سہولیات فراہم کر نے کیلئے منصوبوں اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی حمایت کر تا ہوں ،مگر اس مقصد کیلئے حاصل کی جانے والے زمین مارکیٹ ریٹ پر خریدی جانی چاہیے،اجلاس میں وزیر داخلہ نے سی ڈی اے اور اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کی تجاویز پر وفاقی دارلحکومت میں ملازمین کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کر نے کیلئے نئے رہائشی سیکٹروں کے قیام کی بھی منظوری دیدی۔

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق اجلاس میں وزیر داخلہ نے اسلام آباد انتظامیہ کو ہدایت کی کے وہ رمضان کے مہینے میں شہریوں کو کھانے پینے کی اشیاء کی مقررہ قیمتوں میں فروخت کو یقینی بنائیں اوراشیاء ضروریہ میں ملاؤٹ کی روک تھام کیلئے تاجرؤں کیساتھ ملکر باقاعدہ مہم چلائی جائے اور اشیاء ضروریہ کی زائد قیمتیں وصول کر نے والے دکانداروں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

اجلاس میں چیئر مین نادرا اور ڈی جی پاسپورٹ نے وزیر داخلہ کو اشتہاریوں اور مفرور ملزمان کے شناختی کارڈز اور پاسپورٹس کی منسوخی کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا،اس موقع پر چیئر مین نادرا نے وزیر داخلہ کو آگاہ کیا کہ نادرا اشتہاری اور مفرور ملزمان کا ڈیٹا بینک بنا رہا ہے،نادرا کو ابھی تک ایف آئی اے ،اسلام آباد پولیس اور انسداد منشیات فورس کی جانب سے 7678اشتہاری اور مفرور ملزمان کی فہرست مل چکی ہے۔

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق اجلاس میں ڈی جی سول ڈیفنس نے وزیر داخلہ کو آگاہ کیا کہ جنیوا کی انٹر نیشنل ڈیفنس ا رگنائزیشن نے پاکستان کی بطور ایگزیکٹو ممبر4سال کی توسیع کر دی ہے،انہوں نے کہا کہ انٹر نیشنل ڈیفنس ا رگنائزیشن کی ایگزیکٹو ممبرز کے 2017میں پاکستان میں ہونے والے اجلاس سے دنیا بھر میں پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ ملے گا۔اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جنیوا کی انٹر نیشنل ڈیفنس ا رگنائزیشن کی ایگزیکٹو ممبرز کے اجلاس کی پاکستان میں 2017میں میزبانی کی بھی منظوری دیدی۔