وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا سیکٹر G-13 سرکاری تعلیمی اداروں اور ڈاکخانے کی بنیادی سہولت سے محروم، سیکٹر میں سڑکوں کی حالت انتہائی خراب، آٹھ سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود سٹریٹ لائٹس نصب نہیں کی گئیں، سیوریج کی خراب لائنوں کے باعث گندا پانی سڑکوں اور گلیوں میں بہہ رہا ہے، علاقے کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا

پیر 23 مئی 2016 19:15

اسلام آباد ۔ 23 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 مئی۔2016ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا سیکٹر G-13 سرکاری تعلیمی اداروں اور ڈاکخانے کی بنیادی سہولت سے محروم ہے، سیکٹر میں سڑکوں کی حالت انتہائی خراب، آٹھ سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود سٹریٹ لائٹس نصب نہیں کی گئیں، سیوریج کی خراب لائنوں کے باعث گندا پانی سڑکوں اور گلیوں میں بہہ رہا ہے جس سے علاقے کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، وزیر اعظم محمد نواز شریف کی جانب سے اسلام آباد میں سڑکوں کی مرمت کیلئے خطیر رقم مختص کرنے کے باوجود سیکٹر G-13 کی سڑکوں کی مرمت نہیں کی گئی۔

شہریوں نے پیر کو بتایا کہ سیکٹر G-13 موٹر وے اور جی ٹی روڑ سے متصل اسلام آباد کے داخلی راستے کے سنگم پر واقع ہے تاہم سی ڈی اے اور فیڈرل گورنمنٹ ہاؤسنگ فاونڈیشن نے دارالحکومت کے اس نئے اور جغرافیائی محل وقوع کے لحاظ سے اہم سیکٹر کو نظر انداز کررکھا ہے۔

(جاری ہے)

مکینوں نے وفاقی حکومت اور چیئرمین سی ڈی اے سے دارالحکومت کے نئے اور اہم سیکٹر میں سڑکوں کی مرمت، فراہمی آب، سیوریج کی خراب لائنوں کی مرمت اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کیلئے اقدامات کرنے کی اپیل کی۔

شہریوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے اعلان کے باوجود سیکٹر میں ابھی تک کوئی سرکاری ادارہ قائم نہیں کیا گیا ہے جبکہ دارالحکومت کا یہ نیا سیکٹر ابھی تک ڈاکخانے کی بنیادی سہولت سے بھی محروم ہے۔ سیکٹر میں سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہے اور آٹھ سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود سیکٹر میں سٹریٹ لائٹس نصب نہیں کی گئیں ۔G-13/1کی بڑی شاہراہ انتہائی خستہ حالت میں ہے جبکہ G-13/1 میں قائم تجارتی مرکز کے آس پاس سیوریج کی خراب لائنوں کے باعث گندا پانی سڑکوں اور گلیوں میں بہہ رہا ہے جس سے علاقے کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

متعلقہ عنوان :