سرمایہ کاری بورڈ نے چینی کمپنی کو چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کے روٹ پر گلگت بلتستان میں پھلوں کی پراسیسنگ کیلئے پلانٹس لگانے کیلئے سرمایہ کاری کی دعوت دیدی

پیر 23 مئی 2016 19:15

اسلام آباد ۔ 23 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 مئی۔2016ء) سرمایہ کاری بورڈ نے چینی کمپنی چائنہ زونگ ڈی انٹرنیشنل انوسٹمنٹ گروپ کو چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کے روٹ پر گلگت بلتستان میں پھلوں کی پراسیسنگ کیلئے پلانٹس لگانے کیلئے سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ گلگت بلتستان میں پیدا ہونے والے پھلوں کا زیادہ تر حصہ پراسیسنگ کی ناکافی سہولیات کے باعث ضائع ہو جاتا ہے۔

سرمایہ کاری بورڈ کے سیکرٹری اظہر علی چوہدری نے گوبنگ ژاہو کی سربراہی میں کمپنی کے چھ رکنی وفد کے ساتھ پیر کو یہاں سرمایہ کاری بورڈ میں ہونے والی ملاقات کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ اس موقع پر سینیٹر طلحہ محمود اور سرمایہ کاری بورڈ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ پھلوں کی پراسیسنگ یونٹس پر کی جانے والی سرمایہ کاری سے نہ صرف گلگت بلتستان کے لوگوں کو فائدہ ہو گا بلکہ اس سے کمپنی کے کاروبار میں بھی نمایاں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کے اقدام پر گلگت بلتستان کی حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ قبل ازیں بورڈ آف انوسٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل سہیل احمد نے چینی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو معیشت کے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2012ء میں پارلیمنٹ نے خصوصی اقتصادی زون ایکٹ منظور کیا تھا جس کے تحت پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے جبکہ صوبائی حکومتیں بھی مخصوص اقتصادی زونز کے قیام کیلئے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ اس موقع پر گوبنگ ژاہو نے سرمایہ کاری بورڈ کے حکام کو بتایا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی خصوصاً توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے۔ اس کے علاوہ زراعت، بنیادی ڈھانچہ اور دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ انہوں نے پاکستان کی سرمایہ کار پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ ہو گا۔

متعلقہ عنوان :