آرمی چیف ملک میں اہل تشیع کے قتل عام کا نوٹس لیں ، مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ایسی تحریک شروع کریں گے کہ حکومت کا چلنا مشکل ہوجائے گا،،حکمران اندھے ،بہرے اور جابر ہوچکے ہیں،ری تحریک صرف ملت جعفریہ نہیں بلکہ تمام کمیونیٹز کے قتل عام کے خلاف ہیں

آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے سربراہ علامہ یوسف حسین ،مجلس وحدت المسلمین کے ترجمان علامہ حسین جعفری و دیگر کی مشترکہ پریس کانفرنس

پیر 23 مئی 2016 19:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مئی۔2016ء) آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملک بھر میں شیعہ برادری کے قتل عام کانوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مطالبات پورے نہ ہونے تک ان کا بھوک ہڑتالی کیمپ جاری رہے گا اگر ہمارے مطالبات منظور نہ کئے گئے تو ایسی تحریک شروع کریں گے کہ حکومت کا چلنا مشکل ہوجائے گا،حکمران اندھے ،بہرے اور جابر ہوچکے ہیں جو کان اورآنکھ رکھنے کے باوجود سنتے اور دیکھتے نہیں،ہماری تحریک صرف ملت جعفریہ کے قتل عام کے خلاف نہیں بلکہ سنی ،دیوبندی،عیسائی اورسکھ کمیونٹی کے قتل عام کی روک تھام کے لئے ہے۔

پیر کو یہاں نیشنل پریس کلب میں آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے سربراہ علامہ مرزا یوسف حسین ملک ،مجلس وحدت المسلمین کے ترجمان علامہ حسین جعفری نقوی و دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہاکہ پاکستان میں دہشت گردی کو جو نیا سلسلہ شروع ہواہے،یہ جنرل ضیاء الحق کا تحفہ ہے،جنرل ضیاء الحق کے دور میں بھی ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ دہشت گردی کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جائیں،ورنہ پورا ملک اس آگ میں جلے گامگر اس وقت ہماری بات نہ سنی گئی اورآج پورا ملک دہشت گردی کی آگ میں جل رہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں ملت جعفریہ کا قتل عام ہورہاہے مگر حکومت کی جانب سے اس کا نوٹس نہیں لیا جارہا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان اور کراچی آپریشن شروع کیا گیامگر یہ آپریشنز تاحال مکمل نہیں ہوسکے،ہمیں سوچنا ہوگا کہ یہ آپریشنز کیوں کامیاب نہیں ہوئے؟اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے تمام اداروں میں دہشت گردوں کے سہولت کار موجود ہیں جو اس میں بڑی رکاوٹ ہیں،پشاور اورڈی آئی خان میں ضرب عضب کا فوکس کیا جائے ،ان شہروں میں ملت جعفریہ کے ڈاکٹرز،انجینئرز،دوکانداراورعام شہری دہشت گردوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ملت جعفریہ کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف بھوک ہڑتالی کیمپ میں اظہار یکجہتی کے لئے کراچی سے یہاں آئیں ہیں،ہمارا صرف ایک مقصد ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے۔اس موقع پر مجلس وحدت المسلمین کے ترجمان علامہ حسین جعفری نقوی نے کہا کہ ہمارے علماء پر پنجاب میں ناجائز پابندیاں لگائی جارہی ہیں،ہمیں ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں جانے سے روکا جارہاہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ ہماری خودمختاری میں دخل اندازی کرے،پاکستانی قو م بزدل نہیں ،ہمارے حکمرانوں نے ہمیں یہاں تک پہنچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ کے خلاف عالمی سازشیں ہورہی ہیں،امریکہ اوراسرائیل کو پتہ ہے کہ ہمارے خلاف کھڑی والے قوم صرف ملت جعفریہ ہے اس لئے وہ ہمارے خلاف سازشیں کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :