حکومت مون سون کے دوران کسی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے‘بلال یاسین

سیلاب سے بچاؤ کے حوالے سے تمام محکمے آپس میں ضروری رابطہ استوار رکھیں ‘صوبائی وزیر خوراک

پیر 23 مئی 2016 18:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مئی۔2016ء ) صوبائی وزیر خوراک وچیئرمین کابینہ کمیٹی برائے سیلاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب آئندہ مون سون کے دوران سیلاب کے کسی ممکنہ خطرے سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے،اس ضمن میں متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ الرٹ رہیں،اسی طرح ضلعی انتظامیہ کو سیلاب سے بچاؤ کے حوالے سے ضروری وسائل مہیا کئے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں سیلاب انتظامات بارے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب، ایس این بی آرجواد خان،ڈی جی پی ڈی ایم اے جواد اکرم ، سیکرٹری انہار،موسمیات کے چیف کے علاوہ دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آئندہ مون سون کے دوران متوقع صورتحال اور اس سے بچاؤ کے انتظامات پرتفصیلی غوروخوض کیا گیا۔

اجلاس کو ڈی جی پی ڈی ایم اے جواد اکرم نے بتایا کہ تمام اضلاع سے ضروری سامان کی ڈیمانڈ وصول کر لی گئیں ہیں جن کی خرید کے لئے اگلے چند روز میں پری کوالیفائیڈ فرموں سے ٹینڈرز طلب کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت پی ڈی ایم اے اور اضلاع کے وئیر ہاؤسز میں خیمے،اوبی ایمز،بوٹس،پلاسٹک میٹ،ماسکیٹوز،لائف جیکٹس،کمبل،لائف رنگ اور دیگر ضروری اشیاء وافر مقدار میں موجود ہیں جبکہ اضلاع کی ڈیمانڈز کے مطابق مزید اشیاء کی خرید کے لئے ٹینڈرز طلب کئے جارہے ہیں۔

اجلاس کو سیکرٹری انہارنے بتایا کہ مون سون کے حوالے سے حفاظتی بندوں اور پلوں کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے چیف نے اجلاس کو بتایا کہ جون کے پہلے ہفتہ کے دوران شدید بارشوں کی پیشن گوئی ہے جس سے نچلے درجے کا سیلاب بھی ممکن ہے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے اجلاس کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے بچاؤ کے حوالے سے تمام محکمے آپس میں ضروری رابطہ استوار رکھیں اور الرٹ رہیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کا بخوبی مقابلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ مون سون میں بارشوں کے فالتو پانی کے نکاس کے حوالے سے تحصیل وضلعی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :