ناقص او رغیر معیاری میٹریل استعمال والے محکموں اور ٹھیکیداروں کے خلاف انضباطی کاروائی کی جائے گی ۔ندیم محبوب

پیر 23 مئی 2016 16:07

سرگودھا۔23 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 مئی۔2016ء)کمشنر سرگودہا ڈویژن ندیم محبوب نے قومی تعمیر کے محکموں کے ڈویژنل او رضلعی سربراہوں کو رواں مالی سال کے دوران جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار تیز کرنے اورانہیں 30جون تک مکمل کرنے کی ڈیڈلائن دے دی ہے ۔ کمشنر نے سکیموں کی کوالٹی پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناقص او رغیر معیاری میٹریل کے استعمال کے ذمہ دار محکموں اور ٹھیکیداروں کے خلاف انضباطی کاروائی کی جائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ مالی سال کے دوران ترقیاتی سکیموں میں استعمال ہونے والے میٹریل اور کوالٹی کی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ وہ ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایم این اے چوہدری حامد حمید ‘ ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی ‘ ایم پی ایز میاں مناظر علی رانجھا ‘ چوہدری عبدالرزاق ڈھلوں ‘ صاحبزادہ نظام الدین سیالوی ‘ رانا منور غوث ‘ ڈاکٹر مختار بھرتھ اور فیصل فاروق چیمہ،سرداربہادرعباس میکن، ملک عزیز الحق ‘ سردار احمد حیات کے علاوہ ڈی سی او ثاقب منان ‘ ایس پی ہیڈکوارٹر بلال افتخار ‘ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر عرفان فرید ‘ ایس ای ہائی ویز شفقت اللہ بٹر ‘ ڈی او پی شفیق الرحمان او ردیگر محکموں کے ڈویژنل او رضلعی سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈی او پی شفیق الرحمان نے بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران ضلعی ترقیاتی پروگرام کی235سکیموں کیلئے27کروڑ50لاکھ روپے کے فنڈزجاری کیے گئے ۔ ان سکیموں میں سے 212سکیمیں پایہ تکیمل کوپہنچ چکی ہیں اور اب تک ان سکیموں پر 25کروڑ روپے کے اخراجات سے92فیصدترقیاتی کام مکمل ہو چکاہے ۔اس پرو گرام کے تحت ضلع بھر میں ایم پی ایز کو ڈھائی ڈھائی کروڑ روپے کے فنڈزجاری کیے گئے ۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ خادم پنجاب رورل روڈپروگرام کے دوسرے فیزمیں 86.22کلومیڑ آٹھ سڑکوں کی تعمیرکیلئے 66کروڑ 70لاکھ روپے فنڈز جاری کیے گئے اب تک ان سکیموں پر 54کروڑتیس لاکھ روپے کے اخراجات سے 82فیصدفنڈز خرچ ہوچکے ہیں جبکہ ان سکیموں کی فزیکل پراگریس سو فیصدہوچکی ہے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پاک ملینئم ڈ ویلپمنٹ گولز پروگرام کے تحت ضلع سرگودہامیں ممبران قومی اسمبلی کی تجاویز پر 102ترقیاتی سکیموں کیلئے 25کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے جن میں سے اب تک18کروڑ18لاکھ روپے کے فنڈز کے اخراجات سے 68سکیموں مکمل ہوچکی ہیں جبکہ ان سکیموں پر 82فیصد کام مکمل کیا جاچکاہے ۔