رمضان المبارک کے دوران 70 لاکھ کے قریب مسلمان عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے عمرہ زائرین کو سہولیات بہم پہنچانے اور دیگر امور کیلئے سعودی وزارت حج و عمرہ کے ہزاروں ملازمین ذمہ داریاں سرانجام دیں گے

پاکستان 9 لاکھ 18 ہزار 63 عمرہ ویزوں کے ساتھ دوسرے اور انڈونیشیا 6 لاکھ 55 ہزار 163 ویزوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے

پیر 23 مئی 2016 13:19

رمضان المبارک کے دوران 70 لاکھ کے قریب مسلمان عمرہ کی سعادت حاصل کریں ..

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 مئی۔2016ء) رواں سال رمضان المبارک کے دوران 70 لاکھ کے قریب مسلمان عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے جبکہ عمرہ زائرین کو سہولیات بہم پہنچانے اور دیگر امور کیلئے سعودی وزارت حج و عمرہ کے ہزاروں ملازمین اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔ سعودی میڈیا کے مطابق مدینہ میں وزارت حج و عمرہ کے عہدیدار محمد بیجاوی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ رواں سال مصر 12 لاکھ 75 ہزار 785 عمرہ ویزوں کے ساتھ پہلے، پاکستان 9 لاکھ 18 ہزار 63 عمرہ ویزوں کے ساتھ دوسرے اور انڈونیشیا 6 لاکھ 55 ہزار 163 ویزوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، بھارت کو 4 لاکھ 36 ہزار، ترکی کو 4 لاکھ 39 ہزار ، اردن کو 3 لاکھ 43 ہزار، الجیریا کو 3 لاکھ 13 ہزار، ملائشیا کو 2 لاکھ 11 ہزار،عراق کو ایک لاکھ 83 ہزار اور برطانیہ کو 77 ہزار جبکہ دنیا کے دیگر ممالک کو 6 لاکھ 95 ہزار عمرہ ویزے فراہم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق رواں سال رمضان المبارک سے قبل اور رمضان المبارک کے دوران 70 لاکھ کے قریب عمرہ زائرین مدینہ منورہ اور مکہ معظمہ پہنچیں گے۔ حرمین شریفین پریذیڈنسی کے عبدالواحد الحتب نے عمرہ سیزن کے آپریشنل پلان کا جائزہ لیا جس کے تحت تمام سروس ڈائریکٹوریٹس کے 5 ہزار ملازمین عمرہ سیزن کے دوران اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پریذیڈنسی مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی میں ٹھنڈا آب زم زم فراہم کرے گی۔

انہوں نے تصدیق کی کہ حرمین شریفین میں نماز کی ادائیگی کی جگہوں پر بہترین معیار کے کارپٹ بچھا دئیے گئے ہیں اور ان جگہوں کو 24 گھنٹے صاف رکھنے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تازہ ہوا کیلئے مسجد نبوی کے صحن میں 436 پنکھے اور عازمین عمرہ کو سورج کی تپش اور گرمی سے بچانے کیلئے 250 شیڈز لگائے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :