Live Updates

پاکستان کو موٹر وے کی نہیں تعلیم کی ضرورت ہے، نواز شریف غلط جگہ نیا خیبرپختونخوا ڈھونڈ رہے ہیں۔ جس ملک میں ڈھائی کروڑ بچے اسکول سے باہر ہوں وہاں موٹروے سے ملک نہیں بنتا، جو قوم اپنے بچوں کو تعلیم نہیں دیتی، ترقی نہیں کرسکتی ۔نوازشریف اس کے حصے کی بجلی ‘ گیس اورپانی دیں ۔عمران خان کا سوات میں جلسہ عام سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 22 مئی 2016 18:52

پاکستان کو موٹر وے کی نہیں تعلیم کی ضرورت ہے، نواز شریف غلط جگہ نیا ..

مینگورہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اسلامی احکامات کی روشنی میں تعلیم دینا ریاست کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے لیکن نواز شریف حکومت کا بنیادی فوکس موٹر ویز بنانے پر ہے۔ وزیر اعظم کو معلوم ہی نہیں کہ کسی ریاست کی بنیادی ذمہ داری کیا ہوتی ہے۔میاں صاحب کو ہیلی کاپٹر سے اس لئے نیا پختونخوا نظر نہیں آیا کیونکہ ہم نیا پختونخوسکولوں میں بنا رہے ہیں، سڑکوں پر نہیں‘ پختونخوا حکومت کا بنیادی فوکس سکولوں اور ہسپتالوں پر ہے۔

ہم نے صوبے میں صحت اور تعلیم کا نظام بدل دیا ہے، ہمیں دیر اس لئے لگی کیونکہ ہم ہسپتالوں کو ٹھیک کرنے کیلئے نئے قوانین لا رہے ہیں۔ سال کے آخر تک صوبے کے ہسپتالوں کے حالات بہتر ہو چکے ہونگے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہاں بڑی تعداد میں لوگ اس لئے آئے ہیں تاکہ وہ نواز شریف کو یہ پیغام دے سکیں کہ وہ کس کے ساتھ ہیں۔

عمران خان نے بڑی تعداد میں لوگوں کے جلسہ گاہ آنے پر ان کا شکریہ ادا کیا -عمران خان نے کہا کہ میاں صاحب نے نہ کبھی پہلے باری پوری کی ہے اور نہ ہی اس بار پوری کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم صوبے میں شجر کاری کرکے اپنے علاقے کو گلوبل وارمنگ کے اثرات سے بچائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام کی ترقی کے لئے ادارے مضبوط کرنا ناگزیر ہوتا ہے اور ہم نے اپنے صوبے کے اداروں کو بہتر کر دیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا کی پولیس پورے ملک کی پولیس سے بہتر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انسانوں پر پیسے خرچ کرکے، اداروں کو مضبوط بنا کے اور بہتر بلدیاتی نظام کو نافذ کرکے صوبے کے نظام کو بہتر بنا رہے ہیں اور صوبے میں حقیقی جمہوریت لا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ایسا بلدیاتی نظام لائے ہیں جس کے ذریعے لوگ اپنے فیصلے خود کر سکیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ نواز شریف ادارے تباہ کرنے والے ہیں، وہ ادارے بنا نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس چھوٹو گینگ کا مقابلہ نہیں کر سکی جبکہ ہماری پولیس دلیری سے طالبان کا مقابلہ کر رہی ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ ہم نے سب سے اہم کام یہ کرنا ہے کہ ملک کے چوروں اور ڈاکووں کا احتساب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم پاکستان کے وزیر اعظم کا احتساب کر لیں گے اور ان سے لوٹے ہوئے پیسے نکلوا لیں گے اور انہیں لوٹے ہوئے پیسے واپس لانے پر مجبور کر دیں گے تب ہی ہم قوم کو اس کا حق واپس دلوا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میاں صاحب میڈیا کے لوگوں کو حقائق دکھانے سے روکنے کیلئے انہیں خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں مگر وہ جانتے نہیں کہ میڈیا کے لوگ باشعور ہیں، وہ بکیں گے نہیں۔انہوں نے کہا کہ اب میاں صاحب پختونخوا میں جلسہ کرنے آئیں تو لوگ ان سے تین مطالبات ضرور کریں۔ ایک یہ کہ میاں صاحب پختونخوا کو اس کے حصے کی بجلی دیں کیونکہ پختونخوا زیادہ بجلی پیدا کرتا ہے۔

دوسرا یہ کہ میاں صاحب پختونخوا کے لوگوں کو ان کے حصے کی گیس دیں۔ تیسرا یہ کہ میاں صاحب پختونخوا کو اس کے حصے کا پانی دیں، اگر ہمارے پاس اپنے حصے کا پانی ہو تو چشمہ رائٹ بینک کینال سے لاکھوں ایکڑ زمین سیراب ہو سکتی ہے۔عمران خان نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو موٹر وے کی نہیں تعلیم کی ضرورت ہے، نواز شریف غلط جگہ نیا خیبرپختونخوا ڈھونڈ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا جس ملک میں ڈھائی کروڑ بچے اسکول سے باہر ہوں وہاں موٹروے سے ملک نہیں بنتا، جو قوم اپنے بچوں کو تعلیم نہیں دیتی، ترقی نہیں کرسکتی ۔عمران خان نے اپنے خطاب کے دوران اعتراف کیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں ان کی حکومت پوری طرح تبدیلی لانے میں ناکام رہی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ 2016 میں اس سلسلے میں واضح تبدیلی آئے گی۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ خیبرپختونخواکے ہسپتالوں کومثالی بنائیں گے جبکہ خیبرپختونخوا کو ماڈل صوبہ بنایا جائے گا۔صوبے کی پولیس کی تعریف کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سورن سنگھ کے قاتلوں کو صوبائی پولیس نے 24 گھنٹے میں پکڑلیا۔انہوں نے کہا کہ کے پی کے پولیس میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہے جبکہ عمران خان نے خیبر پختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کا بھی اعلان کیا۔

عمران خان نے کہا کہ پنجاب کی پولیس سے چھوٹو کو سنبھالا نہیں گیا جبکہ خیبرپختونخوا پولیس نے طالبان سے مقابلے میں شہادتیں پیش کیں۔انہوں نے کہا کہ جب ہماری حکومت آئے گی توالزام نہیں لگائیں گے بلکہ جیلوں میں ڈالا جائے گا، اگرہم کرپٹ ہیں تو ہمیں حکومت نے پکڑا کیوں نہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ اب قوم نواز شریف صاحب کے دھوکے میں نہیں آئے گی، وزیراعظم کے احتساب سے ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ایماندار قیادت ہی لوٹا گیا پیسہ واپس لاسکتی ہے، 200ارب روپیہ واپس آگی اتو ٹیکس لگانے کی ضرورت ہی نہیں ہوگی اور قرضے بھی اتارے جاسکیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات