وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کرنے سے روکے ورنہ کے الیکٹرک کے خلاف مربوط عوامی تحریک چلائی جائے گی، مزدور رہنماء

کے الیکٹرک کی انتظامیہ اپنے رویے کو درست کرے بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 22 مئی 2016 18:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 مئی۔2016ء) مختلف مزدور اور سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے الیکٹرک کو کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کرنے سے روکے ورنہ کے الیکٹرک کے خلاف مربوط عوامی تحریک چلائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار پائلر کے کرامت علی، ناظم ایف حاجی، حبیب الدین جنیدی اور دیگر رہنماؤں نے اتوار کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان کی آمد سے قبل کے الیکٹرک نے کراچی میں طویل دورانیے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع کردی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ماہ رمضان المبارک میں ہیٹ اسٹروک اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے 1200 سے زائد جاں بحق اور 40 ہزار سے زائد افراد بیمار ہو کر اسپتالوں میں داخل ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

ان ہلاکتوں کی دیگر وجوہات میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی نااہلی اور کے الیکٹرک کی جانب سے طویل دورانیئے کی لوڈشیڈنگ بھی شامل تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس سال گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے کے الیکٹرک نے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ شروع کر رکھی ہے جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت اور دیگر مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ خصوصاً کراچی کے جزیروں اور مضافاتی علاقوں کی حالت انتہائی خراب ہے جہاں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ روز کا معمول بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس صورت حال کا نوٹس لے۔ کے الیکٹرک کی انتظامیہ اپنے رویے کو درست کرے بصورت دیگر ان کے خلاف اقانونی کارروائی کی جائے گی۔ کراچی کے عوام کے الیکٹرک کے خلاف عوامی تحریک چلائیں گے۔