فیصل آباد میں 4 ارب روپے کی لاگت سے بننے والا کار پلازہ شاپنگ سینٹر سرخ فیتے کی نظر ہو گیا

اہم سیاسی شخصیات کی مداخلت سے منصوبے پر عملدرآمد روک دیا گیا

اتوار 22 مئی 2016 14:57

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 مئی۔2016ء) پاکستان کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد میں 4 ارب روپے کی لاگت سے شہر کے وسط میں بننے والا کار پلازہ شاپنگ سینٹر سرخ فیتے کی نظر ہو گیا گورنمنٹ پلازہ میں سینکڑوں دوکانیں پرائیویٹ دینے کے لئے کروڑوں روپے اکٹھے کئے مگر اچانک بعض اہم سیاسی شخصیات کی مداخلت سے منصوبے پر عملدرآمد روک دیا گیا ۔

آن لائن کے مطابق ضلعی حکومت کے سابق سربراہ نورالامین مینگل نے فیصل آباد شہر کے وسط میں میئر ہاؤس سمیت سرکاری رہائش گاہوں کو گرا کر کار پارکنگ اور شاپنگ سینٹر کا منصوبہ بنایا چناچہ اس پروگرام کے تحت دوکانوں کو نیلام کرنے کے لئے فی فارم پانچ ہزار روپے میں فروخت کیا گیا اس طرح ضلعی حکومت نے کھدائی کے بعد کروڑوں روپے عوام سے اکٹھے کر لئے اس دوران ڈی سی او فیصل آباد نورالامین مینگل فیصل آباد سے تبدیل ہو کر ٹریننگ کے لئے چلے گئے بعدازاں ضلعی انتظامیہ نے اچانک اس کار پارکنگ پلازے میں تعمیرہونے والی دوکانوں کی نیلامی کے لئے 16 مئی 2016 کو تاریخ مقرر کر دی ۔

(جاری ہے)

ساتھ ہی نیلامی میں حصہ لینے والے افراد کو 2لاکھ روپے کا بنک ڈرافٹ جمع کرائیں اس طرح مزید کروڑوں روپے اکٹھے کئے گئے ۔ پھر اچانک نئے چارج سنبھالنے والے ڈی سی او سلمان انور نے شہریوں کے دباؤ پر نیلامی کو منسوخ کر دیا ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ضلعی حکومت ایک منصوبہ کے تحت اپنے من پسند افرادکو اچانک اطلاع دے کر انہیں پلازہ میں بننے والی دوکانیں اونے پونے نرخوں پر دینا چاہتی ہے چنانچہ ڈی سی او نے نیلامی کو روک دیا اس نیلامی کے رکنے کی وجہ سے شہر کے وسط میں بننے والے کار شاپنگ پلازے میں نہ صرف کام رک گیا بلکہ وہ افراد جنہوں نے اس کار شاپنگ پلازے میں پانچ ہزار روپے فارم کے حساب سے پیسے جمع کرائے تھے وہ بھی پریشان ہیں اس طرح چار ارب روپے کے زائد لاگت سے تعمیر ہونے والا کار شاپنگ سینٹر نہ صرف بیوروکریسی کے غلط فیصلے کی وجہ سے رک گیا بلکہ کروڑوں روپے جو اس پراجیکٹ کے لئے انتظامیہ نے اکٹھے کئے تھے اس کا بھی کوئی حساب کے بارے میں نہیں بتایا جا رہا ۔

فیصل آباد کے شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے پاکستان کے تیسرے بڑے شہر میں اس کار پارکنگ شاپنگ پلازہ میں ہونے والی مبینہ کرپشن اور فنڈز خرد برد کرنے کی تحقیقات کرائی جائیں اور اس پلازہ کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرائی جائے تاکہ شہریوں کو ٹریفک کے مسائل میں جو پریشانی پیدا ہو رہی ہیں وہ ختم ہو سکیں ۔

متعلقہ عنوان :