پی ایس ایل دوسرے ایڈیشن کیلئے کرکٹرز کی خریدو فروخت اور تبادلوں کا سلسلہ 20جون سے شروع ہوگا

اتوار 22 مئی 2016 13:13

پی ایس ایل دوسرے ایڈیشن کیلئے کرکٹرز کی خریدو فروخت اور تبادلوں کا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 مئی۔2016ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )کے دوسرے ایڈیشن کیلئے کرکٹرز کی خریدو فروخت اور تبادلوں کا سلسلہ20جون سے شروع ہوگا، فرنچائزز اگست تک کھلاڑیوں کے تبادلوں سمیت دیگر فیصلے کرنے کے بعد انتظامیہ کو آگاہ کریں گی،اولین ایونٹ میں آخری پوزیشن پر رہنے والی فرنچائز لاہور قلندرز کو سب سے پہلے جبکہ ٹرافی اپنے نام کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کو کر کٹرز منتخب کر نے کا موقع آخر میں دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے آئندہ ایڈیشن کیلئے کرکٹرز کو تبدیل کرنے کا مرحلہ آئندہ ماہ شروع ہو گا،تمام ٹیمیں قواعد کے مطابق پہلے ایڈیشن میں منتخب کر کٹرز کو رکھنے یہ ان سے معاہدہ ختم کر نے کا اختیار رکھتی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مطابق کھلاڑیوں کو تبدیل کر نے کا مرحلہ 20جون سے شروع ہو جائے گا،اس دوران فرنچائزز کھلاڑیوں کی خریدو فروخت اور تبادلے کرسکیں گی، ٹیموں اور پلیئرز میں معاہدے اگست تک مکمل کرنے کے بعد پی ایس ایل انتظامیہ کے علم میں لائے جائینگے تاکہ ان کی رسمی تصدیق کی جاسکے، کھلاڑیوں کو ادا کیے جانے والے معاوضوں میں بھی 5فیصد اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد ایک ٹیم اپنے اسکواڈ کیلئے کرکٹرز کی خریداری پر 12لاکھ ڈالر تک خرچ کرسکے گی۔

(جاری ہے)

مزید معلوم ہوا ہے کہ فرنچائز مالکان کا ڈرافٹ سسٹم میں تبدیلی پر اصرار برقرار ہے، وضع کردہ پالیسی کے مطابق اولین ایونٹ میں آخری پوزیشن پر رہنے والی فرنچائز لاہور قلندرز کو سب سے پہلے مختلف کیٹیگریز کے کھلاڑی منتخب کرنے کا حق حاصل ہوگا ،جبکہ ٹرافی اپنے نام کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کا نمبر آخر میں آئیگا، فرنچائز کا کہنا ہے کہ کیریبیئن پریمیئر لیگ کی طرز پر ناکام ترین ٹیم کوصرف پہلے رانڈ میں ترجیح دینا چاہیے، اگلے مرحلوں میں باری باری مواقع دیے جائیں۔