افراتفری کی سیاست کرنے والے ملک و قوم کی خاطر ہوش کے ناخن لیں‘شہبازشریف

عوامی خدمت کے سامنے انتشار کی سیاست کی کوئی حیثیت نہیں،ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی مقدم ہے محنت،امانت اوردیانت سے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے‘وزیراعلیٰ پنجاب

ہفتہ 21 مئی 2016 22:14

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وسائل قوم کی امانت ہیں، ایک ایک پائی عوام کی ترقی و خوشحالی پر خرچ کی جا رہی ہے۔ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی سب سے زیادہ مقدم ہے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے منصوبوں میں شفافیت کے کلچر کو فروغ دیا ہے۔ منصوبوں میں شفافیت کے اعلی معیار کو برقراررکھ کراربوں روپے کے قومی وسائل بچائے گئے ہیں۔

عوامی خدمت کے سامنے انتشار کی سیاست کی کوئی حیثیت نہیں۔افراتفری کی سیاست کرنے والے ملک و قوم کی خاطر ہوش کے ناخن لیں۔محنت،امانت اوردیانت سے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔ وہ آج یہاں منتخب نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

شفافیت، معیار اور تیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ(ن) کی حکومت کاطرۂ امتیازہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں امن اور روشنی کا سفر ایک عزم کے ساتھ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے پروگرام کو مشن سمجھ کر آگے بڑھا رہے ہیں۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور اسے مل کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر لے کر جانا ہے اور پرامن، معاشی طور پر مستحکم اور محفوظ پاکستان کا وعدہ پورا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :